شاہ رخ خان کی بیٹی کو شوبز انڈسٹری میں پہلا پروجیکٹ مل گیا

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018
یہ سال سہانا کو پہلا پروجیکٹ ملنے کی وجہ سے بہت اہمیت کا حامل ہے، گوری خان۔ فوٹو: فائل

یہ سال سہانا کو پہلا پروجیکٹ ملنے کی وجہ سے بہت اہمیت کا حامل ہے، گوری خان۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کو اپنے کیریئر کا پہلا پروجیکٹ مل گیا۔

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان جو اپنی رومانوی اداکاری کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہیں تو وہیں اُن کی بیٹی سہانا خان بھی سوشل میڈیا پر کسی اسٹار سے کم نہیں اور وہ اکثر انسٹا گرام پر پوسٹ کی گئیں تصویروں کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں لیکن اب انھیں اپنے کیریئر کا پہلا پروجیکٹ مل گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے حال ہی میں ایک نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں اپنی بیٹی سہانا خان کے پہلے پروجیکٹ سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ’ سہانا اپنے کیریئر کا پہلا پروجیکٹ ایک میگزین کے ساتھ کر رہی ہیں جس کا نام بتانا اس وقت مناسب نہیں جب کہ یہ سال سہانا کو پہلا پروجیکٹ ملنے کی وجہ سے میرے نزدیک بہت اہمیت کا حامل ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: شاہ رخ خان کی بیٹی نے بھی آڈیشنز دینے شروع کردیئے

اس سے قبل شاہ رخ خان نے اپنے بچوں کے شوق سے متعلق انٹرویو میں کہا تھا کہ سب سے پہلے تعلیم مکمل کرنا وقت کی ضرورت ہے پھر اُس کے بعد اپنا شوق پورا کریں جب کہ سہانا کو اداکارہ بننے کا بہت شوق ہے اور اُس میں وہ جذبہ بھی ہے، میں خود  بھی اُس کی پرفارمنس سے بہت متاثر ہوں لیکن میں ہمیشہ یہی بات کہتا ہوں کہ کچھ بھی کرنے سے قبل تعلیم بہت ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔