صنفی امتیاز اور جنسی ہراسانی؛ مائیکرو سافٹ کے خلاف سیکڑوں شکایات درج

ویب ڈیسک  بدھ 14 مارچ 2018
مائیکروسافٹ کے خلاف جنسی تعصب اور جنسی ہراسانی کی 238 تحریری شکایات درج کرائی گئی ہیں، فوٹو: فائل

مائیکروسافٹ کے خلاف جنسی تعصب اور جنسی ہراسانی کی 238 تحریری شکایات درج کرائی گئی ہیں، فوٹو: فائل

نیویارک: امریکی سافٹ ویئر کمپنی مائیکرو سافٹ کے خلاف صنفی امتیاز اور خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کی  سیکڑوں شکایات درج کرادی گئیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق مائیکرو سافٹ کے خلاف اپنی خواتین ملازمین کے ساتھ 2010ء سے 2016ء کے درمیان صنفی امتیاز اور جنسی ہراسانی کی 238 تحریری شکایات درج کرائی گئیں۔

یہ انکشاف امریکی عدالت کی جانب سے شکایات کی دستاویزات منظر عام پر لانے کے بعد ہوا ہے۔ شکایات میں کہا گیا ہے کہ مائیکروسافٹ کی مروجہ پالیسیاں اور طریقہ کار جانب داری پر مبنی ہے جس میں تکنیکی امور سے وابستہ خواتین ملازمین کی تنخواہیں، مراعات اور ان کی اگلے عہدوں پر ترقی مردوں کے ہم پلہ نہیں ہوتیں جب کہ ان خواتین کو اپنے ہم منصب مردوں کے مساوی معاوضے بھی نہیں دیے جاتے۔

شکایات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مائیکرو سافٹ کی صنفی امتیاز پر مبنی پالیسیاں اور طریقہ کار تکنیکی امور انجام دینے والی خواتین ملازمین کی حق تلفی کی منظم اور دانستہ خلاف ورزیاں ہیں اور یہ سب کچھ صنفی مساوات کی غیر جانب داری کی نگرانی نہ کرنا اور اسے مکمل نظر انداز کرنے کا نتیجہ ہے۔

دوسری جانب مائیکرو سافٹ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی صنفی امتیاز پر مبنی کوئی پالیسیاں نہیں اور کمپنی اپنے ملازمین کو مساوی حقوق کے ساتھ  ساتھ ان سے کوئی جانب داری نہیں برت رہی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔