فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 13 مارچ 2018
کھیل کے فروغ کے لیے سرگرمیاں جاری رکھیں گے، صدر پی ایف ایف : فوٹو: فائل

کھیل کے فروغ کے لیے سرگرمیاں جاری رکھیں گے، صدر پی ایف ایف : فوٹو: فائل

 لاہور: فیفا نے پاکستان فٹبال فیڈریشن کی معطلی ختم کردی ہے اب پاکستانی ٹیموں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کی اجازت ہوگی۔

پی ایف ایف کے معاملات میں بیرونی مداخلت اور اکاؤنٹس منجمد کیے جانے پر فیفا نے گزشتہ سال 10 اکتوبر کو پاکستان کی رکنیت معطل کردی تھی، گزشتہ دونوں عدالتی فیصلے کی روشنی میں سید فیصل صالح حیات کی صدارت میں پی ایف ایف بحال ہوگئی تھی، فیڈریشن کا نظام منتخب باڈی کے سپرد کیے جانے کے بعد فیفا نے اب پی ایف ایف کی معطلی ختم کردی ہے، پاکستانی ٹیموں کو اب اے ایف سی اور فیفا کے زیر اہتمام انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کی اجازت ہو گی جب کہ پاکستانی فٹبال آفیشلز بھی بین الاقوامی کورسز، ٹریننگ اور دیگر پروگراموں میں شامل ہوسکیں گے۔

پی ایف ایف کے صدر سید فیصل صالح حیات نے فٹبال برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت میں سپورٹ کرنے پر فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو اور اے ایف سی کے صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ کے شکرگزار ہیں، کھیل کے فروغ کے لیے سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔