اسلام آبادکے150پلازہ مالکان ٹیکس چوری میں ملوث نکلے

ارشاد انصاری  بدھ 14 مارچ 2018
200سے زائدکے پاس این ٹی این ہی نہیں،ایف بی آرنے450پلازوں کی میپنگ مکمل کر لی
فوٹو : فائل

200سے زائدکے پاس این ٹی این ہی نہیں،ایف بی آرنے450پلازوں کی میپنگ مکمل کر لی فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ایف بی آرنے پائلٹ پروجیکٹ کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 450 سے زائد پلازوں کی میپنگ مکمل کرلی اور ان میں قائم دکانوں، شاپنگ مالز اور سپراسٹور، آفسز وفلیٹس اور ان کے مالکان کے کوائف اکٹھے کرلیے۔

اکھٹے کئے جانے والے کوائف میں سے200 سے زائد پلازہ مالکان کے پاس این ٹی این تک نہیں جبکہ 150سے زائد ٹیکس چوری میں ملوث ہیں اور اکثریت انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرارہی۔ ’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق براڈننگ آف ٹیکس بیس کے نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے پروجیکٹ کے تحت بی ٹی زون اسلام آباد نے نو تعمیر رہائشی و کمرشل علاقوں میں اربوں روپے کی لاگت سے بننے والے ساڑھے 450 سے زائد پلازوں کی نشاندہی کی اور ان پلازوں میں قائم دکانوں، شاپنگ مالز، سپر اسٹور،آفسز و فلیٹس اور ان کے مالکان کے کوائف اکٹھے کیے۔

جن کی ایف بی آر کے پاس ڈیٹا کے ساتھ کراس میچنگ کے دوران کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری کاانکشاف ہوا ہے۔ دستاویز کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے مذکورہ تمام پلازہ مالکان کے کوائف کے گزشتہ 4 سال کے ریکارڈ کی چھان بین کی جارہی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔