ٹیسٹ رینکنگ؛ اظہر علی ایک قدم پیچھے آگئے، ربادا نمبر ون بالر

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 14 مارچ 2018
ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں درجے پر موجود
 ۔ فوٹو/ایکسپریس

ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں درجے پر موجود ۔ فوٹو/ایکسپریس

دبئی سٹی:  ٹیسٹ بیٹسمین رینکنگ میں ابراہم ڈی ویلیئرز کو جگہ دینے کے لیے اظہر علی کو ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑگیا، بولرز میں کاگیسو ربادا نے نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی، وہ 900 پوائنٹس کی حد عبور کرنے والے چوتھے جنوبی افریقی بولر بن گئے جب کہ پاکستانی بالر یاسر شاہ بدستور 14 ویں درجے پر ہیں۔

آسٹریلیا سے دوسرے ٹیسٹ میں جنوبی افریقی بیٹسمین ڈی ویلیئرز نے ناقابل شکست 126 اور دوسری اننگز میں 28 رنز بنائے، جس کی بدولت انھیں بیٹسمین رینکنگ میں 5 درجے ترقی حاصل ہوئی۔ اس طرح وہ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ان کی ترقی کا براہ راست نقصان پاکستان کے اظہر علی کو ہوا جو اب آٹھویں درجے پر آ چکے ہیں۔ ٹاپ پر آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ موجود ہیں، ایک درجہ بہتری سے ہاشم آملا نویں نمبر پر پہنچ گئے۔

اسی پورٹ ایلزبتھ ٹیسٹ میں تباہ کن بولنگ سے پروٹیز کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے کاگیسو ربادا نمبر ون بولر بن گئے انھوں نے میچ میں مجموعی طور پر 150 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں۔ انھوں نے انگلش فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن سے پہلی پوزیشن چھینی اور اب 15 پوائنٹس آگے نکل چکے ہیں۔ ربادا 900 پوائنٹس کی حد عبور کرنے والے دنیا کے 23 ویں اور جنوبی افریقا کے چوتھے بولر ہیں۔

ان سے قبل ورنون فلینڈر، شان پولاک اور ڈیل اسٹین یہ اعزاز حاصل کرچکے۔ ربادا نے 2014ء میں جنوبی افریقا کی انڈر 19 ورلڈ کپ ٹائٹل فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پاکستانی لیگ اسپنر یاسرشاہ بدستور 14 ویں نمبر پر موجود ہیں جبکہ آل راؤنڈرز میں پہلی پوزیشن بنگلہ دیشی شکیب کے پاس ہے۔

ٹیم رینکنگ میں بھارت سرفہرست، دوسرے نمبر پر جنوبی افریقا اور تیسری پوزیشن پر آسٹریلیا موجود ہے۔ نیوزی لینڈ اگر انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کرے اور کینگروز پروٹیز سے باقی دونوں ٹیسٹ ہار جاتے ہیں تو پھر کیویز کو تیسری پوزیشن مل جائے گی۔ پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر موجود اور چھٹے نمبر پر موجود سری لنکا سے 7 پوائنٹس پیچھے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔