کامن ویلتھ گیم؛ قومی اسکواڈ منتخب، رضوان سینئر قیادت کرینگے

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 14 مارچ 2018
عماد شکیل بٹ نائب مقرر،کھلاڑیوں کا میرٹ پر چناؤ کیا گیا،
 فوٹو: سوشل میڈیا

عماد شکیل بٹ نائب مقرر،کھلاڑیوں کا میرٹ پر چناؤ کیا گیا، فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور: آئندہ ماہ آسٹریلیا کے ساحلی شہر گولڈ کوسٹ میں شیڈول کامن ویلتھ گیمزکے لیے 18رکنی قومی ہاکی ٹیم کا اعلان کردیا گیا، محمد رضوان سینئر قیادت کریں گے جبکہ عماد شکیل بٹ نائب کپتان کے فرائض انجام دیں گے۔

اصلاح الدین صدیقی کی سربراہی میں قائم سلیکشن کمیٹی کی طرف سے کھلاڑیوں کا  انتخاب عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں جاری کیمپ میں  پلیئرزکی فٹنس اورگیم میں مہارت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے، سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ پلیئرز کا چناؤ میرٹ پرکیاگیا، امید ہے کہ قومی ٹیم ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق کامن  ویلتھ گیمز گولڈ کوسٹ آسٹریلیا میں4 اپریل سے شروع ہو کر 15 اپریل تک  جاری رہیں گے، میگا ایونٹ میں شریک ٹیموں کودوگروپس اے اور بی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، جنوبی افریقہ اور اسکاٹ لینڈ جبکہ پول بی میں پاکستان کے ساتھ روایتی حریف بھارت، انگلینڈ، ملائشیا اورویلزکو جگہ دی گئی ہے، پی ایچ ایف کی سلیکشن کمیٹی نے تربیتی کیمپ کے بعد 18 رکنی حتمی ٹیم کا اعلان کر دیا، منتخب پلیئرزمیں عمران بٹ، مظہر عباس، محمد عرفان سینئر، تعظیم الحسن، مبشرعلی، فیصل قادر، عماد شکیل بٹ (نائب کپتان)، توثیق ارشد، تصورعباس، ابوبکر محمود، محمد عرفان  جونیئر، شفقت رسول، دلبر، عتیق ارشد، علی شان، ارسلان قادر، محمد رضوان سینئر (کپتان ) اور رانا سہیل شامل ہیں۔

یاد رہے کہ کامن  ویلتھ گیمز گولڈکوسٹ میں  4 سے 14 اپریل تک منعقد ہوں گے، کامن ویلتھ گیمز کے  شیڈول کے مطابق  5 اپریل کو مینزایونٹ کے افتتاحی روز 2میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان کو ویلزاورجنوبی افریقہ کو اسکاٹ لینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، 6 اپریل کو انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کا مقابلہ کینیڈا سے ہو گا، 7 اپریل کو پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کے مدمقابل ہو گی۔ملائیشیا کا مقابلہ ویلز، کینیڈا کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ اورآسٹریلیا کا ٹاکرا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔

8 اپریل کو پاکستانی ٹیم اپنے تیسرے گروپ میچ میں انگلینڈ جبکہ 11 اپریل کو اپنا چوتھا اورآخری گروپ میچ ملائیشیا کیخلاف کھیلے گی۔13 اپریل کو سیمی فائنلز جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 14 اپریل کو کھیلا جائیگا۔ادھر پاکستان کو اب تک کامن ویلتھ گیمز میں  ایک سلور اور ایک برانز میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کیاہے،2002 میں انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کو 2 کے مقابلے میں  10 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی جبکہ 2006 میںآسٹریلیا کے شہر میلبورن میں شیڈول ایونٹ میں پاکستانی ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تاہم  ٹائٹل مقابلے میں گرین شرٹس کو  0-3 سے شکست کا سامنا رہا۔

2014 میں اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں  ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں  قومی ہاکی ٹیم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن  کے 2 گروپوں میں محاذ آرائی کی وجہ سے ایونٹ میں شرکت سے محروم رہی تھی جبکہ اس سے قبل بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں2010 ہونے والی کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستان ٹیم کو  جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 3-2 سے شکست  کے بعد چھٹی پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔