ایم ایم اے کے صدرکے لیے فضل الرحمن کے نام پراتفاق

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 14 مارچ 2018
ایم ایم اے کے صدرکے لیے فضل الرحمن کے نام پراتفاق کرلیا گیا؛ فوٹوفائل

ایم ایم اے کے صدرکے لیے فضل الرحمن کے نام پراتفاق کرلیا گیا؛ فوٹوفائل

 اسلام آباد: پاکستان میں دینی جماعتوں کے بڑے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی صدارت کے لیے جے یوآئی کے امیرمولانافضل الرحمن کے نام پراتفاق کرلیا گیاہے تاہم سیکریٹری جنرل سمیت دیگرعہدوں پر حتمی مشاورت 20مارچ کوکراچی اجلاس میں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق مولانافضل الرحمن کی رہائش گاہ پرمتحدہ مجلس عمل کی بحالی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مولانا فضل الرحمن ، سراج الحق ، ساجد نقوی،عبد الغفور حیدری ،لیا قت بلوچ ،اکرم درانی، امجد خان ، توقیر ضیا ،اسداللہ بھٹو،میاں اسلم ،علامہ عارف واحدی، شبیر حسین اور دیگر نے شرکت کی ۔ ذرائع نے بتایاکہ ایم ایم اے کے اجلاس میں متحدہ مجلس عمل کی صدارت کے لئے مولانافضل الرحمن کے نام پراتفاق رائے ہوگیاہے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیاہے کہ متحدہ مجلس عمل کی الیکشن کمیشن میں بحالی کیلئے قانونی لوازمات جلد مکمل کیے جائیں گے۔

یہ بھی بتایا گیاہے کہ جماعت اسلامی اورجے یوآئی( ف) نے ایم ایم اے کی بحالی کے بعد حکومتی اتحادچھوڑنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی اقامت گاہ پر منعقدہ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال ،سینیٹ کے انتخا بات کے نتائج اور آئندہ عام انتخابات کی حکمت عملی کے حوالے سے مختلف تجاویز تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر لیاقت بلوچ اور مولانا محمد امجد خان نے میڈیا کو بتایا کہ ایم ایم میں شامل تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت میں طے پایا کہ آئندہ مجلس عمل کا سر براہی اجلاس 20مارچ کو کراچی میں ہو گا۔ مجلس عمل عام انتخابات کے لیے تیار ہے، عام انتخابات میں ایم ایم اے کا مقابلہ سیکولر لابی کے ساتھ ہو گا۔ انھوں نے مجلس عمل میں عہدوں کے چناؤکے حوالے سے اختلافات کی تردیدکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔