راؤ انوار کا قریبی ساتھی شعیب شوٹر اغوا برائے تاوان کیس میں مفرور قرار

ویب ڈیسک  بدھ 14 مارچ 2018
انسدادِ دہشتگردی عدالت نے ملزم شعیب شوٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے فوٹو:فائل

انسدادِ دہشتگردی عدالت نے ملزم شعیب شوٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے فوٹو:فائل

 کراچی: نقیب اللہ قتل کیس میں ملوث اور راؤ انوار کے دست راست سابق ایس ایچ او شعیب شوٹر کو اغوا برائے تاوان کے ایک مقدمے میں مفرور قرار دے دیا گیا۔

کراچی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت میں شہری کے اغوا برائے تاوان کیس کی سماعت ہوئی۔ کیس میں سابق ایس ایچ او شعیب شیخ عرف شعیب شوٹر کو مفرور قرار دے دیا گیا۔ سماعت کے دوران تفتیشی افسران نے بتایا کہ پولیس کی وردی میں ملبوس کالی بھیڑ شعیب شوٹر نے شریف نامی شہری کو اغوا کرکے اس سے 6 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ تاہم پیسے لینے کے باوجود شریف کو رہا نہیں کیا گیا جو تاحال لاپتہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راؤ انوار کا نام انتہائی مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل

شعیب شوٹر سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے اور نقیب اللہ قتل کے مشہور مقدمے میں بھی ملوث ہے۔ پولیس نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ میں بھی شریف کے لاپتہ ہونے سے متعلق درخواست زیرِ سماعت ہے۔ عدالت نے ملزم شعیب شوٹر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔