بولنگ کے معیار میں پی ایس ایل نے دیگر لیگز کو پیچھے چھوڑ دیا، وقار یونس

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 15 مارچ 2018
دنیا میں جتنی بھی لیگز کھیلی جا رہی ہیں، ان سب کے مقابلے میں پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار بہترین ہے، سابق فاسٹ بولر۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

دنیا میں جتنی بھی لیگز کھیلی جا رہی ہیں، ان سب کے مقابلے میں پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار بہترین ہے، سابق فاسٹ بولر۔ فوٹو: رائٹرز/فائل

شارجہ:  سابق اسٹار فاسٹ بولر وقار یونس نے کہاکہ بولنگ کے معیار میں پی ایس ایل نے دیگر لیگز کو پیچھے چھوڑ دیا۔

پاکستان سپر لیگ میں بیٹنگ سے زیادہ دلچسپ بولنگ پرفارمنسز دیکھنے کو ملی ہیں، محمد سمیع کے بہترین آخری اوور نے پہلی مرتبہ پی ایس ایل میں میچ کو سپر اوور میں پہنچایا، اسی طرح شاہین شاہ آفریدی نے میچ وننگ پرفارمنس دی، عمر گل نے 6 وکٹیں اڑائیں، یہی وجہ ہے کہ سابق فاسٹ بولر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے ڈائریکٹر کرکٹ وقار یونس نے ایونٹ میں بولنگ کوالٹی کو دنیا کی باقی تمام لیگز کے مقابلے میں بہترین قرار دیا ہے۔

’’کرک انفو‘‘ کو انٹرویو میں انھوں نے کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اس وقت دنیا میں جتنی بھی ٹوئنٹی 20 لیگز کھیلی جا رہی ہیں۔ ان سب کے مقابلے میں پی ایس ایل میں بولنگ کا معیار بہترین ہے۔

پچز کے بولرز کے لیے معاون ہونے کے سوال پر وقار یونس نے کہاکہ یہ بات درست ہے کہ یو اے ای میں پچز بیٹنگ کیلیے تیار نہیں کی گئیں، یہ اتنی فلیٹ نہیں کہ آپ سیدھی آنے والی گیند کو ہٹ کریں اور وہ گراؤنڈ میں اڑتی پھرے، یہاں پر آپ کو اپنی اننگز بنانے کیلیے محنت کرنا اور زیادہ چالاک ہونا پڑتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔