ایم کیو ایم (بہادرآباد) کا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 15 مارچ 2018
فاروق بھائی سے ملنے کے لیے ہمیں کسی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے، فیصل سبزواری۔ فوٹو : فائل

فاروق بھائی سے ملنے کے لیے ہمیں کسی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے، فیصل سبزواری۔ فوٹو : فائل

 کراچی: سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے متحدہ قومی موومنٹ  (بہادرآباد) گروپ نے تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی میں تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم  (بہادرآباد) کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں دے گی، عوام پیپلزپارٹی کی حکومت سے نالاں ہیں، پی پی نے 10 سال میں سندھ کوتباہ وبرباد کردیا لہذا سینیٹ میں قائدحزب اختلاف کے لیے ہم تحریک انصاف کے امیدوار کی حمایت کریں گے۔

ایک سوال پر فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ فاروق بھائی سے ملنے کے لیے ہمیں کسی ثالثی کی ضرورت نہیں ہے، بہادرآباد ان کا اپنا دفتر ہے اور وہ جب چاہیں یہاں آسکتے ہیں، دونوں گروپ پارٹی کے ڈسپلن کا مکمل خیال رکھتے ہیں جب کہ بہت جلد ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں گے۔

اس موقع پر رہنما تحریک انصاف عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمیں پیپلزپارٹی کی چور بازاری کو روکنا ہے جب کہ تحریک انصاف سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان جلد کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔