کمزور مصافحہ کرنے والوں کو دل کے امراض لاحق ہوسکتے ہیں، تحقیق

ویب ڈیسک  جمعـء 16 مارچ 2018
مضبوطی سے ہاتھ ملانے والے افراد میں امراض قلب کے خطرات کم ہوتے ہیں، فوٹو: فائل

مضبوطی سے ہاتھ ملانے والے افراد میں امراض قلب کے خطرات کم ہوتے ہیں، فوٹو: فائل

 لندن: برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مضبوطی اور گرم جوشی سے ہاتھ ملانے والے افراد میں دل کی بیماریاں لاحق ہونے کے خطرات کم ہوتے ہیں اور اس کے برعکس کمزور گرفت کے ساتھ، ڈھیلے ڈھالے انداز میں مصافحہ کرنے والے افراد عن قریب ہی امراض قلب کا شکار ہوسکتے ہیں۔

کوئین میری یونیورسٹی آف لندن میں طبی تحقیق کے مصنف اسٹیفن پیٹرسن کا کہنا ہے کہ ہاتھوں کی مضبوط گرفت صحت مند دل کی ساخت اور افعال سے منسلک ہوتی ہے۔ مصافحے کے دوران ہاتھ کی مضبوط گرفت (ہینڈ گرپ) دل کی بیماریوں کے شکار افراد کی شناخت  کرنے کا اہم  اور آسان طریقہ ہے۔ یہ طریقہ اختیار کرکے امراض قلب میں مبتلا افراد بھی ہارٹ اٹیک جیسے جان لیوا حملوں سے اپنی زندگیوں کی حفاظت کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حاملہ خواتین مچھروں کا پرکشش ہدف ہوتی ہیں، برطانوی تحقیق

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مضبوطی سے ہاتھ ملانے والوں کے برعکس کمزور مصافحہ کرنے والے افراد میں دل کی بیماریاں بڑھنے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں کیونکہ دوران مصافحہ مضبوط گرفت ظاہر کرتی ہے کہ ہاتھ ملانے والے شخص کا دل، خون کو درست طریقے سے پمپ کررہا ہے جب کہ کمزور گرفت اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ دل کی دھڑکن کی رفتار کم ہے جس کے باعث دوران خون کی رفتار بھی کم ہے اور ایسے شخص کے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات  کی شرح کسی بھی دوسری بیماری سے زیادہ ہے۔ صرف برطانیہ میں ایک سال کے دوران ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد دل کی بیماریوں کا شکار ہوکر موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔