زرمبادلہ کے ذخائر صرف 12 ارب ڈالر رہ گئے

بزنس ڈیسک  جمعـء 16 مارچ 2018
زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران مزید 10 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے،  فوٹو: فائل

زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران مزید 10 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے، فوٹو: فائل

 کراچی: پاکستان کے سرکاری غیرملکی زرمبادلہ ذخائر ایک ہفتے میں مزید 10 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی کمی سے 12ارب 12کروڑ 57 لاکھ ڈالر تک محدود ہوگئے۔

واضح رہے کہ بیرونی ادائیگیوں کے شدید دباؤ کی وجہ سے زرمبادلہ ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور صرف ایک ماہ کے اندر زرمبادلہ ذخائرمیں 93 کروڑ 49 لاکھ ڈالر کی کمی آئی ہے اور مذکورہ ذخائر 2 سے ڈھائی ماہ کی درآمدی ضروریات ہی پوری کر پائیں گے۔

زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے کمی کے باعث بیرونی شعبے کی صورتحال مزید بگڑنے اور ادائیگیوں کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، جمعرات کو آئی ایم ایف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق روپے کی زیادہ قدر، مقامی ٹھوس طلب اور بلند قرضوں کی وجہ سے پاکستان کی مالیاتی ذمے داریاں وسط مدت میں دگنی ہونے کا خدشہ ہے. زرمبادلہ ذخائر میں تیزی سے کمی کے باعث حکومت کی جانب سے انٹرنیشنل اوپن مارکیٹ میں بانڈز کے اجرا سے 3 ارب ڈالر تک حاصل کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق 9مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر 18ہزار 24کروڑ 4 لاکھ ڈالر رہے جو2 مارچ کو ختم ہفتے میں 18ارب 32کروڑ 92لاکھ ڈالر تھے۔ اس ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے ذخائر 1کروڑ 87 لاکھ ڈالر کے اضافے سے 6ارب 11کروڑ 47 لاکھ ڈالر ہو گئے۔

مرکزی بینک کے مطابق ایس بی پی ریزرو میں کمی کی وجہ بیرونی قرض ودیگر آفیشل ادائیگیاں بنیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔