لاہور اور کوئٹہ کے میچ میں ڈراپ کیچز کی بھرمار

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 16 مارچ 2018
بال باؤنڈری کو ہلکا سا چھوکر نیچے گری اور چھکا ہوگیا،بدقسمت بولر اس بار بھی راحت علی تھے۔ فوٹو: اسکرین گریب

بال باؤنڈری کو ہلکا سا چھوکر نیچے گری اور چھکا ہوگیا،بدقسمت بولر اس بار بھی راحت علی تھے۔ فوٹو: اسکرین گریب

شارجہ: لاہورقلندرزاور کوئٹہ گیڈی ایٹرز کے میچ میں ڈراپ کیچز کی بھرمار رہی۔

بدھ کو کھیلے جانے والے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 17رنز سے شکست دی،ٹیم کی فتح میں مین آف دی میچ فخرزمان نے اہم کردار اداکرتے ہوئے 94کی اننگز کھیلی، اس میں قسمت نے بھی ان کا ساتھ دیا،اوپنر 18پر تھے کہ راحت علی کی گیند پر شارٹ فائن لیگ فیلڈر میر حمزہ نے کیچ ڈراپ کردیا۔

فخرزمان کو دوسرا موقع 64پر ملا،اس بار مڈوکٹ باؤنڈری پر جیسن روئے نے ہوا میں معلق ہوتے ہوئے باؤنڈری سے باہر جاتی گیند اندر پھینکی تو حیران وپریشان ساتھی فیلڈر نے اس پر لپکنے کی ضرورت محسوس نہیں کی، بال باؤنڈری کو ہلکا سا چھوکر نیچے گری اور چھکا ہوگیا،بدقسمت بولر اس بار بھی راحت علی تھے۔

اس اوور میں فخرزمان نے ان کو 24رنز جڑ کر اپنا اسکور94تک پہنچایا لیکن انور علی کی گیند لانگ آن پر موجود حسان کے ہاتھوں میں دے کر پی ایس ایل تھری کی پہلی سنچری بنانے سے محروم رہے،گلریز صدف(29)پر تھے کہ شین واٹسن اپنی گیند پر کیچ نہ تھام سکے،لاہور قلندرز نے آخری5اوورز میں 46رنز بنائے اور 200کا ہندسہ پار کرنے کا موقع گنوایا۔

کوئٹہ کی اننگز میں کیون پیٹرسن صرف ایک رن پر تھے کہ شاہین آفریدی اپنی گیند پر کیچ نہ تھام سکے،رمیز راجہ(3)کو آؤٹ کرنے کا موقع خود یاسر شاہ نے گنوایا،انور علی4 رنز پر تھے کہ لانگ آن پر اینٹن ڈیوچ نے کیچ ڈراپ کرکے لیگ اسپنر کو وکٹ سے محروم رکھالیکن انھوں نے اگلی ہی گیند پر بیٹسمین کو شاہین آفریدی کی مدد سے دھر لیا،کپتان سرفراز احمد 27پر تھے کہ آغا سلمان اسکوائر لیگ پر گیند قابو نہ کرسکے،بدقسمت بولر سہیل خان تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔