ورلڈ کپ کوالیفائرز میں افغانستان کی امیدوں کا دیا روشن ہوگیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 16 مارچ 2018
پلے آف میں نیپال نے پاپوا نیوگنی کومات دیدی،ون ڈے انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

پلے آف میں نیپال نے پاپوا نیوگنی کومات دیدی،ون ڈے انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ہرارے:  افغانستان نے سپر سکس راؤنڈ میں ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹ سے ہرا کر امیدوں کا دیا روشن رکھا۔

ابتدائی راؤنڈ میں صرف ایک میچ جیت کر سپر سکس میں پہنچنے والی افغان ٹیم نے ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ کی پہلی شکست سے دوچار کرتے ہوئے ورلڈ کپ میں رسائی کی امیدیں برقرار رکھی، ناکام ٹیم نے 8 وکٹ پر 197 رنز بنائے، شائی ہوپ نے سب سے زیادہ 43 رنز اسکور کیے، کرس گیل صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوگئے، مجیب زدران نے 3 اور محمد نبی نے2وکٹیں لیں۔

جواب میں افغان ٹیم نے 47.4 اوورز میں 7 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، رحمت شاہ 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جیسن ہولڈر نے2 وکٹیں لیں۔ دوسرے سپر سکس میچ میں فاتح اسکاٹش سائیڈ نے 6 وکٹ پر 322 رنز بنائے، میتھیو کراس نے سب سے زیادہ 117 اور میک لیوڈ نے 78 رنز اسکور کیے، روحان مصطفیٰ نے چار وکٹیں لیں۔

جواب میں یو اے ای کی ٹیم 249 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ محمد عثمان کے 80 اور احمد رضا کے 50 رنز کسی کام نہ آئے، کرس سول نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دریں اثنا سپر سکس راؤنڈ میں کوالیفائی نہ کرنے والے ٹیموں کے درمیان پلے آف میں نیپال نے پاپوا نیوگنی کو 6 وکٹ سے شکست دی، اس کے ساتھ ہی اسے پہلی بار ون ڈے انٹرنیشنل اسٹیٹس بھی حاصل ہوگیا جب کہ دوسرے پلے آف میں نیدرلینڈ نے ہانگ کانگ کو 44 رنز سے ہرایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔