ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاک بھارت معرکہ آرائی 23 جون کو ہوگی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 16 مارچ 2018
گرین شرٹس24 کو آسٹریلیا، 26 کو ہالینڈ، ایک روز بعد ارجنٹائن اور 29جون کو بیلجیئم کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

گرین شرٹس24 کو آسٹریلیا، 26 کو ہالینڈ، ایک روز بعد ارجنٹائن اور 29جون کو بیلجیئم کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 لاہور:  ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا جب کہ پاک بھارت معرکہ آرائی23 جون کوہوگی۔

ایف آئی ایچ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 23 جون سے ہالینڈ میں ہوگا، یکم جولائی تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں دنیا کی6 ٹیمیں ہالینڈ، آسٹریلیا، ارجنٹائن، بیلجیئم، بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔

چیمپئنز ٹرافی میں ہالینڈ میزبان ملک کی حثییت سے شرکت کررہا ہے، اسی طرح آسٹریلیا کو دفاعی چیمپئن ہونے کے ساتھ ورلڈ کپ 2014 کا بھی فاتح ہونے اور ارجنٹائن کو اولمپکس2016کے فاتح ہونے کی حثییت سے جگہ دی گئی ہے، بھارت اور پاکستان کی ٹیموں کو ایف آئی ایچ کے ایگزیکٹیو بورڈ کی خصوصی دعوت پر میگا ایونٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

ورلڈ ہاکی فیڈریشن کی طرف سے جاری شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ کا افتتاحی میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان 23 جون کو کھیلا جائے گا، اسی روز ہالینڈ کی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ آسٹریلیا کا مقابلہ بیلجیئم کے ساتھ شیڈول ہے۔

24 جون کو مزید 3 میچز کا فیصلہ ہوگا، قومی ٹیم حریف سائیڈ آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی، بھارت کا مقابلہ ارجنٹائن جبکہ ہالینڈ کا میچ بیلجیئم کے ساتھ ہوگا۔ 26 جون کو 2 میچز کھیلے جائیں گے، پاکستانی ٹیم ہالینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ ارجنٹائن کی ٹیم بیلجیئم کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔ 27 جون کو صرف ایک میچ ہوگا۔

بھارت کا ٹاکرا آسٹریلیا کے ساتھ ہوگا۔ اگلے روز ایک بار پھر 3 میچز کا فیصلہ ہوگا، پاکستانی ٹیم ارجنٹائن کے خلاف بلند عزائم کے ساتھ میدان میں اترے گی، بھارت کا میچ بیلجیئم کے ساتھ ہوگا جبکہ ہالینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے مدمقابل ہوگی۔ 29 جون کو پاکستانی ٹیم بیلجیئم کے خلاف میدان میں اترے گی۔

30 جون کو ارجنٹائن کا مقابلہ آسٹریلیا کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم ہالینڈ کے خلاف نبرد آزما ہوگی۔ یکم جولائی کو چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سمیت پوزیشنز میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 1978 میں لاہور سے ہوا، اب تک میگا ایونٹ کے36 ایڈیشنز ہوچکے ہیں۔

پاکستان کو 3 بار 1978، 1980 اور 1994 میں گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل رہا ہے، پاکستانی ٹیم 7 بار ایونٹ میں دوسری اور اتنی ہی بار تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی، گرین شرٹس نے آخری بار2014 کی چیمپئنز ٹرافی میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

ایونٹ میں اب تک آسٹریلیا کو سب سے زیادہ 14بار گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل ہے، جرمنی 10 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے، ہالینڈ 8 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اسپین صرف ایک بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر سکا ہے جبکہ انگلینڈ، جنوبی کوریا، بھارت، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ اور روس کی ٹیمیں ایک بار بھی چیمپئنز ٹرافی کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔