متحدہ کے منحرف اراکین کی نااہلی کیلیے درخواست پر سماعت ملتوی

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 16 مارچ 2018
کراچی کے عوام کی کسی کو فکر نہیں، الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعدارشد وہرا کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

کراچی کے عوام کی کسی کو فکر نہیں، الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعدارشد وہرا کی گفتگو۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد:  الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا اور ایم کیو ایم پاکستان کے منحرف اراکین کی نااہلی سے متعلق ڈاکٹر فاروق ستار کی دائر کردہ درخواست کی سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی۔

الیکشن کمیشن میں ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا اور ایم کیوایم پاکستان کے منحرف اراکین کی نااہلی سے متعلق ڈاکٹر فاروق ستار کی دائر کردہ درخواست کی سماعت ممبر الیکشن کمیشن عبدالغفار سومرو کی سربراہی میں 4رکنی بینچ نے کی۔ ارشد وہرا اور منحرف اراکین کے وکیل جبکہ درخواست گزار ڈاکٹر فاروق ستار کے وکیل بھی پیش ہوئے۔

دوران سماعت ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ ایم کیوایم کی کنوینر شپ کا معاملہ بھی الیکشن کمیشن میں زیرسماعت ہے، اس کیس کے فیصلے کے بعد ہی دلائل دے سکوں گا۔ اس پر ممبرالیکشن کمیشن جسٹس (ر) ارشاد قیصر نے ریمارکس دیے کہ بعض اراکین کو جواب جمع کرانا تھا، ان کے جواب نہیں آئے۔

ارم عظیم فاروقی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئیں، الیکشن کمیشن نے ارم عظیم کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ ارم عظیم فاروقی کا کہنا تھا کہ میں نے کسی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کی، پھر بھی ڈی سیٹ کرنے کا نوٹس دیا گیاہے۔

سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی میئرکراچی ارشد وہرا نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کی کنوینرشپ کے مسئلے کی وجہ سے اگلی تاریخ دی گئی ہے۔ آپس کی لڑائی میں پڑے ہوئے ہیں، کراچی کے عوام کی کسی کو فکر نہیں، ایم کیوایم پاکستان کی سربراہی کا فیصلہ26 مارچ کو ہوگا جس کے بعد منحرف ارکان کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ جلد فیصلہ کرے تاکہ کراچی کے عوام کی محرومیاں کم ہوسکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔