مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج کشمیریوں کے خلاف ڈرون بھی استعمال کرے گی

خبر ایجنسیاں  جمعـء 16 مارچ 2018
تحقیقاتی ادارہ ہراسا ں کررہاہے،بیٹے،کشمیری نوجوان آزادی کیلیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،گیلانی۔ فوٹو: فائل

تحقیقاتی ادارہ ہراسا ں کررہاہے،بیٹے،کشمیری نوجوان آزادی کیلیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،گیلانی۔ فوٹو: فائل

 سری نگر:  مقبوضہ کشمیرمیںپولیس نے کشمیری حریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کیلیے رات کو دیکھنے کی صلاحیت رکھنے والے ڈرون خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے کہا کہ پہلے مرحلے پر5 ڈرون خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹینڈرز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ ڈرون کا استعمال سیکیورٹی ،نگرانی اور دیگر کارروائیوں میں کیا جائے گا۔ بھارتی فوج نے سینئر حریت رہنما مختار وازہ کوگرفتار کرکے تھانہ صدر منتقل کردیا۔

سینئر حریت رہنما مختار احمد وازہ حریت کانفرنس (م) کے اہم اجلا س میں شرکت کیلیے راگ باغ سری نگر جارہے تھے کہ رہائش گاہ سے باہر ہی بھارتی پولیس نے ناکہ لگا کر انھیں گرفتار کرلیا۔

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تحقیقاتی ادار ے این آئی اے نے خوف و ہراس پھیلانے کے اپنے ہتھکنڈے جاری رکھتے ہوئے معروف آزادی پسند رہنما سید صلاح الدین کے 4 بیٹوں سمیت 6 رشتے داروں سے پوچھ گچھ کی ہے۔ این آئی اے نے صلاح الدین کے بیٹوں شکیل احمد، جاوید احمد، عبدالوحید، عبدالمجید، داماد عمر فاروق اور ان کے بھائی سید خالد کو سری نگر میں اپنے دفتر طلب کیا۔

صلاح الدین کا بڑا بیٹا شاہد یوسف جسے گزشتہ سال اکتوبر میں این آئی اے نے گرفتار کیاتھا نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں عدالتی حراست میں ہے۔ شاہد یوسف کی جھوٹے الزامات کے تحت گرفتاری کا واحد مقصد ان کے والد پر دبائو بڑھانا ہے۔

دوسری طرف کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ضلع اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان قوم کو بھارت کے غیرقانونی تسلط سے آزادی دلانے کیلیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔