حصص مارکیٹ؛ انڈیکس پہلی بار 18636پر جاپہنچا

بزنس رپورٹر  ہفتہ 6 اپريل 2013
22 پوائنٹس کی تیزی، مارکیٹ سرمایہ 3 ارب روپے بڑھ گیا، 20.68 کروڑ حصص کے سودے۔  فوٹو: فائل

22 پوائنٹس کی تیزی، مارکیٹ سرمایہ 3 ارب روپے بڑھ گیا، 20.68 کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: فائل

کراچی:  کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گیا۔

تیزی کے باعث45.15 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید3 ارب17 کروڑ9 لاکھ67 ہزار901 روپے کا اضافہ ہوا، کاروبار کے ابتدائی دورانیے میں بینکنگ، سیمنٹ، فرٹیلائزر سمیت دیگر بلیوچپس میں وسیع پیمانے پر خریداری رحجان برقرار رہنے سے ایک موقع پر104.56 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی18700 کی تاریخی حد بھی عبورہوگئی تھی۔

بعدازاں پرافٹ ٹیکنگ کا رحجان غالب ہونے سے تیزی کی شرح میں کمی واقع ہوئی جس کے باعث کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس22.59 پوائنٹس کے اضافے سے18636.03 اور کے ایس ای30 انڈیکس25.38 پوائنٹس کے اضافے سے14546.19 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس6.78 پوائنٹس کی کمی سے32934.50 ہوگیا۔

کاروباری حجم جمعرات کی نسبت16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ68 لاکھ72 ہزار230 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار361 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں163 کے بھاؤ میں اضافہ، 182 کے داموں میں کمی اور16 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں باٹا پاکستان کے بھاؤ72.79 روپے بڑھ کر1528.74 روپے اور کولگیٹ پامولیو کے بھاؤ60 روپے بڑھ کر 2000 روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور فوڈز کے بھاؤ 157.51 روپے کم ہو کر 4427 روپے اور سیمینس پاکستان کے بھاؤ9.75 روپے کم ہوکر595.25 روپے ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔