اسمارٹ کی چین

ندیم سبحان میو  اتوار 18 مارچ 2018
ٹائل کی چین کے استعمال سے آپ ذہنی کوفت اور وقت کے ضیاع سے بچیں گے۔ فوٹو : فائل

ٹائل کی چین کے استعمال سے آپ ذہنی کوفت اور وقت کے ضیاع سے بچیں گے۔ فوٹو : فائل

 چابیاں رکھ کر بُھول جانے کی عادت بہت سے لوگوں کو ہوتی ہے۔ ان میں مرد و خواتین دونوں ہی شامل ہیں۔

اس وقت بڑی کوفت ہوتی ہے جب صبح سویرے بچوں کو اسکول چھوڑنے کے لیے جانا ہو یا پھر دفتر روانگی کا وقت ہوگیا ہو، اور جیب ٹٹولی جائے تو چابی ندارد! پتلون، قمیص اور کوٹ کی جیبوں، بیڈ کے ساتھ والی دراز، میز پر اور اَدھر اُدھر تلاش کرنے کے بعد جب بیگم کو آواز دی جائے تو ایسے جملے سُننے کو ملتے ہیں۔

’’آپ تو ہیں ہی بے پروا۔۔۔۔۔ کتنی بار کہا ہے کہ کچن کے دروازے کے ساتھ لگی ہوئی کھونٹی پر لٹکا دیا کریں، مگر آپ سمجھتے ہی نہیں ہیں۔ مجھے نہیں پتا، خود ہی ڈھونڈیں۔‘‘ چابی تلاش کرتے ہوئے بچے بھی اسکول سے لیٹ ہوجاتے ہیں اور دفتر پہنچنے میں بھی تاخیر ہوجاتی ہے۔ بعض اوقات یوں بھی ہوتا ہے کہ چابی ملتی ہی نہیں ہے اور جب اپنا دیدار کرواتی ہے تو دفتر جانے کا وقت نکل چکا ہوتا ہے۔ جیسے ساس بہو کی توتو میں میں ایک عالمی مسئلہ ہے، اسی طرح چابی کا کھوجانا بھی ایک عالم گیر پرابلم ہے۔ اس کا حل اب اسمارٹ کی چین کی صورت میں ڈھونڈ لیا گیا ہے۔

ٹائل نامی کمپنی کی تیارکردہ کی چین دیکھنے میں سادہ اور عام سی کی چین ہے۔ اس کے اندر سینسر اور جی پی ایس سسٹم نصب ہے۔ جی پی ایس کے ذریعے اس کا رابطہ اسمارٹ فون سے رہتا ہے۔ اگر آپ کا والٹ بھی اسمارٹ ہے تو پھر آپ کی چین کو اس سے بھی منسلک کرسکتے ہیں۔ کار یا گھر کی چابیاں نہ مل رہی ہوں تو بس اسمارٹ فون اٹھائیے اور ایپ کھول کر اس پر چابی کی لوکیشن دیکھ لیجیے۔

ٹائل کی چین کے استعمال سے آپ ذہنی کوفت اور وقت کے ضیاع سے بچیں گے، بچے وقت پر اسکول پہنچیں گے اور آپ کو دفتر پہنچنے میں بھی تاخیر نہیں ہوگی۔ اور۔۔۔۔۔ سب سے اہم بات یہ کہ بیگم کی باتیں بھی نہیں سُننی پڑیں گی!

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔