عراق میں جنگی ہیلی کاپٹر تباہ، 7 امریکی فوجی ہلاک

اے ایف پی / خبر ایجنسیاں  ہفتہ 17 مارچ 2018
ہیلی کاپٹر صوبہ انبار کے قصبے القائم میں تباہ ہوا جو شامی شرحد کے قریب ہے، امریکی اہلکار۔ فوٹو:فائل

ہیلی کاپٹر صوبہ انبار کے قصبے القائم میں تباہ ہوا جو شامی شرحد کے قریب ہے، امریکی اہلکار۔ فوٹو:فائل

 بغداد /  واشنگٹن: عراق میں جنگی ہیلی کاپٹر تباہ ہونے سے 7 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔

ہیلی کاپٹر عراق کے مغربی علاقے میں شام کی طرف جاتے ہوئے گر کر تباہ ہوا جس میں 7 امریکی فوجی سوار تھے اور تمام مارے گئے جب کہ امریکی وزارت دفاع نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر دشمن کے حملے میں تباہ نہیں ہوا ہے، امریکی فوجی حکام نے بتایا کہ مرنے والے اہلکاروں کے بارے میں بعد میں تفصیلات سے بتایا جائے گا۔

ایک اور امریکی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہیلی کاپٹر صوبہ انبار کے قصبے القائم میں تباہ ہوا جو شامی شرحد کے قریب ہے۔

دوسری طرف شمالی عراق کے کرد عوام نے گزشتہ روز صدام حسین کے دور میں کیے گئے زہریلی گیس حملے کی 30 ویں برسی کے موقع پر سوگوار تقاریب کا اہتمام کیا، 30 برس پہلے کیے جانے والے گیس حملے میں 5 ہزار کرد شہری ہلاک ہوئے تھے۔ اس مناسبت سے سب سے بڑی تقریب اربیل کے اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی، اس میں سیکڑوں لوگوں نے شرکت کی، گیس سے ہلاک ہونے والوں کی قبروں پر سوگواروں نے پھول بھی جڑھائے، صدام دور میں یہ گیس حملہ کردوں کی تحریک کو کچلنے کیلیے کیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔