بہاولپور میں پی ٹی آئی خواتین کا گلالئی پر انڈوں اور ٹماٹروں سے حملہ

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 17 مارچ 2018
انڈے پھینکنے والے ہمارے اپنے ہیں ان کو کسی نے غلط راستے پر ڈالا ہوا ہے، گلالئی ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

انڈے پھینکنے والے ہمارے اپنے ہیں ان کو کسی نے غلط راستے پر ڈالا ہوا ہے، گلالئی ۔ فوٹو: سوشل میڈیا

بہاولپور: عائشہ گلالئی کی بہاولپور آمد پر پی ٹی آئی خواتین ونگ کی رہنما شہلا احسان اور دیگر نے ان پر انڈوں اور ٹماٹروں سے حملہ کر دیا جس کی وجہ سے انھیں پریس کانفرنس ادھوری چھوڑنا پڑی۔

پی ٹی آئی خواتین ونگ کی شہلا احسان، نغمہ نازلی اور دیگر خواتین نے گلالئی پر انڈوں اور ٹماٹروں سے حملہ کر دیا اور گو عائشہ گو کے نعرے لگائے، تحریک صوبہ بحالی کے رہنماؤں نے جواباً گو عمران گو کے نعرے لگائے، پولیس عائشہ گلالئی کو اپنی حفاظت میں ہوٹل سے لے گئی۔

گلالئی کا کہنا تھا کہ انڈے پھینکنے والے ہمارے اپنے ہیں ان کو کسی نے غلط راستے پر ڈالا ہوا ہے، شہلا احسان وغیرہ کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی کے پی کے کی رہائشی، اس کا بہاولپور صوبہ بحالی سے کیا تعلق، یہ سستی شہرت حاصل کرنے آئی۔

اس سے قبل گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پاکستان تحریک انصاف(جی گروپ) کی چیئرپرسن عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کرتے کہا کہ بہاولپور کے لوگ صوبہ چاہتے ہیں تو صوبہ بننا چاہیے کیونکہ چھوٹے صوبوں سے ملک ترقی کرے گا، تحریک انصاف بھی موروثی سیاست کر رہی ہے لیکن اب عوام کو شعور آ گیا ہے۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ میری پارٹی کا نام تحریک انصاف(جی) ہو گا، (جی) کا مطلب موٗدبانہ سیاست کو فروغ دینا اور کیچڑ اچھالنے کو ختم کرنا ہے، ملک کی 3 بڑی پارٹیوں کی ایک قدر مشترک کرپشن اور عام لوگوں کو نظر انداز کرنا ہے، جوتوں کی سیاست دراصل سیاسی پارٹیوں کے خلاف عوامی بغاوت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔