اجے دیوگن کی فلم ’’ریڈ‘‘ کی پہلے ہی دن ریکارڈ کمائی

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 مارچ 2018
فلم میں اجے دیوگن نے ایماندار انکم ٹیکس آفیسر کا کردار نبھایا ہے ؛ فوٹوفائل

فلم میں اجے دیوگن نے ایماندار انکم ٹیکس آفیسر کا کردار نبھایا ہے ؛ فوٹوفائل

نئی دہلی: نامور بالی ووڈ اداکار اجے دیوگن اور الیانا ڈی کروز کی فلم ’’ریڈ‘‘ نے ریلیز کے پہلے ہی روز 10 کروڑ سے زائد کمائی کرکے ریکارڈ قائم کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انکم ٹیکس چوری  اور کرپشن پر مبنی اجے دیوگن اور الیانا ڈی کروز کی فلم’’ریڈ‘‘ ریلیز کے پہلے ہی روز شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

بھارتی تجزیہ نگار ترن آدرش نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلم ’’ریڈ‘‘ نے ریلیز کی صبح اوسط درجے کا بزنس کیا لیکن شام ہوتے ہی فلم نے زبردست رفتار پکڑی۔ انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ کی روایتی فلموں کے برعکس ، حقیقت سے قریب تر اور جاندار مکالموں کے باعث فلم ریلیز کے پہلے ہی روز 10 کروڑ 4 لاکھ کا بزنس کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

ترن آدرش نے ایک اور ٹوئٹ میں 2018 کی پہلے دن کی سب سے زیادہ کمائی والی فلموں کی فہرست جاری کرتے ہوئے لکھا رواں  سال ریلیز کے پہلے روز دپیکا پڈوکون کی’’پدماوت‘‘ 19 کروڑ کے ساتھ پہلے نمبر، اکشے کمار کی ’’پیڈ مین‘‘ 10 کروڑ 26 لاکھ کے ساتھ دوسرے  اور اجے دیوگن کی ’’ریڈ‘‘10 کروڑ 4 لاکھ کی کمائی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

واضح رہے کہ فلم میں اجے دیوگن نے ایماندار انکم ٹیکس آفیسر کا کردار نبھایا ہے جو ملک میں جاری کرپشن اور ٹیکس چوری کے نظام کو بدلنے اور کالے دھن کو واپس ملک میں لانے کیلئے اٹھ کھڑا ہوتا ہے اور اس کوشش میں 7 سالوں کے دوران 49 تبادلے بھی ہوتے ہیں تاہم وہ اپنی کوششیں جاری رکھتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔