انڈر16ہاکی پاکستان نے چین کو روند کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 6 اپريل 2013
 فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

سنگاپور:  دوسرے انڈر16 ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے چین کو روند کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

گرین شرٹس نے حریف سائیڈ کو18-1 سے تختہ مشق بنانے کے بعد دوسرے مقابلے میں جاپان پر7-4 سے غلبہ پالیا، ٹیم ہفتے کو مزید دو میچز کھیلے گی، لیگ مرحلے میں سری لنکا سے سامنا ہوگا، جس کے بعد پہلا سیمی فائنل شیڈول ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے5 اے سائیڈ ٹورنامنٹ میں فتوحات کا سلسلہ دراز کر لیا اور جمعے کو اپنے دونوں میچز جیت لیے۔

چین کیخلاف گرین شرٹس کو18-1 کے واضح مارجن سے کامیابی ملی، محمد عتیق نے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے6 مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، ایونٹ میں اب تک ان کے داغے گئے گولز کی تعداد13ہوگئی، شان ارشاد نے چین کیخلاف4گول کیے، کپتان نوہیز زاہد ملک نے3 مرتبہ حریف گول کیپر کو چکمہ دیا، جنیدکمال، عدیل لطیف، مبشر، جنید منظور اور سکندر مصطفی نے ایک ایک مرتبہ گیند کو جال تک پہنچایا۔

دن کے دوسرے مقابلے میں جاپان کیخلاف پاکستانی ٹیم7-4 سے فتحیاب ہوئی، محمد عتیق نے 2 گول اپنے نام درج کرائے، شان ارشاد بھی ایک مرتبہ جاپانی دفاعی حصار کو توڑنے میں کامیاب رہے، سکندر مصطفی ، عدیل لطیف، جنید کمال اور جنید منظور نے بھی ایک ایک مرتبہ گیند کو جال کی راہ دکھائی، ہفتے کو پاکستان مزید دو میچز کھیلے گا، لیگ مرحلے میں سری لنکا سے سامنا کرنا ہے۔

اس کے بعد پہلا سیمی فائنل منتظر ہوگا۔پاکستان کے شان ارشاد اتنے ہی مقابلوں میں9 مرتبہ گیند کو جال تک پہنچانے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں، نوہیز زاہد ملک نے مجموعی طور پر 6 گول اپنے نام درج کرائے، فائنل اتوارکو ہوگا، ایونٹ میں پاکستان کے ساتھ جنوبی کوریا، ملائیشیا، جاپان، چین، چائنیز تائی پے، سری لنکا ، قازقستان ، بنگلہ دیش اور میزبان سنگاپور شریک ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔