دبئی میں غیرملکی سیاحوں کے لیے مفت ٹیکسی سروس کا اعلان

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 مارچ 2018
سو خوش قسمت غیرملکی سیاحوں کو مفت ٹیکسی سروس دی جائے گی،فوٹو:فائل

سو خوش قسمت غیرملکی سیاحوں کو مفت ٹیکسی سروس دی جائے گی،فوٹو:فائل

 دبئی: خوشی کے عالمی دن کے موقع پر دبئی میں غیرملکیوں سیاحوں کے لیے  مفت ٹیکسی سروس چلانے کا اعلان کردیا گیا۔

اماراتی میڈیا کے مطابق دبئی حکام نے 20 مارچ کو ’ورلڈ پیی نیس ڈے‘ کے موقع پر غیر ملکی سیاحوں کو خوش کرنے کا خصوصی پروگرام تیار کیا ہے۔ روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی  نے اس دن کی مناسبت سے غیر ملکی سیاحوں کے لیے مفت ٹیکسی سروس چلانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت 20 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے والے غیر ملکی سیاحوں کو ان کی منزل تک مفت ٹیکسی سروس فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: دبئی پولیس کو 15 کروڑ روپے چرانے والے سیکیورٹی گارڈ کی تلاش

حکام کا کہنا ہے کہ اس دن کو یادگار بنانے کے لیے 100 خوش قسمت غیر ملکی سیاحوں کو ایئرپورٹ سے ان کی منزل تک  ٹیکسی کے ذریعے پہنچایا جائے گا اور اس رائیڈ پر کوئی چارجز نہیں ہوں گے۔ علاوہ ازین بعض غیر ملکی سیاحوں کو ہٹا ڈیم تک فری ٹیکسی سروس دی جائے گی جب کہ بعض سیاحوں کو دبئی کے مشہور تفریحی مقامات کی سیر بھی کرائی جائے گی۔

حکام کی جانب سے ایئرپورٹ پر غیرملکی سیاحوں کو میٹرو، ٹرام، بسوں اور دیگر سفری سہولیات کے کارڈز بھی  تقسیم کیے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔