مستحکم پاکستان چین کی ترقی کیلیے ناگزیر ہے، چینی سفیر

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 مارچ 2018
چین نے سی پیک جیسا پروجیکٹ پاکستان کو تحفے میں دیا، شہباز شریف - فوٹو: فائل

چین نے سی پیک جیسا پروجیکٹ پاکستان کو تحفے میں دیا، شہباز شریف - فوٹو: فائل

 لاہور: چینی سفیر پاؤ جنگ کا کہنا ہے کہ سی پیک پوری دنیا کے امن اور رابطے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے اور مستحکم پاکستان چین کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سے چین کے سفیر پاؤ جنگ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پرپیشرفت اور مسلم لیگ (ن) اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان بڑھتے تعلقات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ چین نے سی پیک جیسا پروجیکٹ پاکستان کو تحفے میں دیا ہے جو پاکستان کیلئے تقدیربدلنے کا منصوبہ ثابت ہوگا۔

اس موقع پر چین کے سفیر نے شہبازشریف کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدرمنتخب ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے روٹ کی مرکزیت کے باعث چین کیلئے پاکستان کی اہمیت مسلسل بڑھتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پوری دنیا کے امن اور رابطے کیلئے ایک اہم منصوبہ ہے اور مستحکم پاکستان چین کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔