کپل نے نئے شو سے متعلق مجھ سے رابطہ نہیں کیا، سنیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 مارچ 2018
انتظار کرکے میں نے کوئی اور شو سائن کرلیا ہے، سنیل گروور ۔ فوٹو : فائل

انتظار کرکے میں نے کوئی اور شو سائن کرلیا ہے، سنیل گروور ۔ فوٹو : فائل

 ممبئی: بھارت کے مقبول مزاحیہ اداکار سنیل گروور کا کہنا ہے کہ کپل شرما نے اپنے نئے شو ’’ فیملی ٹائم ود کپل شرما ‘‘ سے متعلق مجھ سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

بھارت میں سب سے زیادہ دیکھا جانے والا کامیڈی پروگرام ’’دی کپل شرما شو‘‘ کی مقبولیت میں گزشتہ سال کمی آئی اور بلآخر شو بند ہوگیا جس کی وجہ میزبان کپل شرما کی ساتھی اداکار سنیل گروور کے ساتھ لڑائی تھی۔  اب کپل نے ایک نئے شو کے ساتھ دھماکے دار انٹری دی ہے اس حوالے سے مداحوں میں بھی بے چینی پائی جاتی ہے کہ ان کے نئے شو میں سنیل گروور بھی مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے نظر آئیں گے کہ نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک مداح نے سنیل گروور سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ دوبارہ کپل شرما شو میں آجائیں ہم آپ کو بہت یاد کرتے ہیں۔

سنیل گروور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ہی مداح کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھائی آپ لوگوں کی طرح کچھ اور لوگ بھی مجھ سے یہی پوچھ رہے ہیں لیکن مجھے اس شو کے لئے کوئی فون نہیں آیا۔ انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ میرا فون نمبر بھی وہی ہے، انتظار کرکے میں نے کوئی اور شو سائن کرلیا ہے، آپ لوگوں کی دعاؤں سے اچھے پروجیکٹ کے ساتھ جڑ گیا ہوں اور جلد ہی آپ لوگوں کے سامنے آؤں گا۔

واضح رہے’’دی کپل شرما شو‘‘ میں کپل کے ساتھی اداکار سنیل گروور سے جھگڑے کی وجہ سے شو کے دیگر اہم کردار بھی اس پروگرام سے الگ ہوگئے بعد ازاں شو کی مقبولیت میں کمی اور کپل کی خراب صحت کی وجہ سے شو کو بند کرنا پڑا۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔