جماعت اسلامی ہی عوام کے مسائل حل کریگی، نسیم صدیقی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 6 اپريل 2013
امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے، نظام کی تبدیلی ہی عوام کی امید ہے. فوٹو: فائل

امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے، نظام کی تبدیلی ہی عوام کی امید ہے. فوٹو: فائل

کراچی: جماعت اسلامی کراچی کے جنرل سیکریٹری اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ101نسیم صدیقی نے کہا ہے کہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری، قتل وغارت گری اور بھتہ خوری کا خاتمہ جماعت اسلامی کی قیادت ہی کرسکتی ہے۔

روزگار، صحت، تعلیم کی فراہمی اور امن وامان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے، نظام کی تبدیلی ہی عوام کی امید ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے یوسی8 شادمان ٹائون نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہاکہ عوام کو ووٹ کے ذریعے ایک بار پھر اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملا ہے۔

اگر انتخابات آزادانہ ماحول میں شفاف اورمنصفانہ ہوئے تو دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کا شہر سے صفایا ہوجائے گا اور کراچی کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہوجائیں گی، انھوں نے کہا کہ ہم عوام کو ان کے روشن مستقبل کی جانب دعوت دیتے ہیںاور ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں جہاں تعلیم، صحت اور رہائش سب کو میسر ہو، انصاف، روزگار اور خوشحالی سب کی دہلیز تک پہنچے، اس کیلیے ضروری ہے کہ عوام اپنے حقیقی نمائندوں کو پہچانیں اور ووٹ کی طاقت سے اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں، انھوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ بڑے پیمانے پر گھر گھر رابطہ کریں اور ہر فرد تک جماعت اسلامی کا منشور اور اس کا پیغام پہنچائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔