ساہیوال میں بچی سے زیادتی و قتل، 2 مجرموں کو 3، 3 مرتبہ سزائے موت کا حکم

نمائندگان ایکسپریس / خبر ایجنسی  اتوار 18 مارچ 2018
مجرموں نے12اگست2017 کو5 سالہ ام کلثوم کو درندگی کا نشانہ بنا کر بیدردی سے قتل کردیا تھا۔ فوٹو: فائل

مجرموں نے12اگست2017 کو5 سالہ ام کلثوم کو درندگی کا نشانہ بنا کر بیدردی سے قتل کردیا تھا۔ فوٹو: فائل

ساہیوال / پاکپتن: اسپیشل جج انسداد دہشت گر دی کورٹ ساہیوال ملک شبیر حسین اعوان نے 5سالہ بچی کے اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے2 مجرموں عرفان شاہ اور وریام کو 3، 3 مر تبہ سزائے موت ، 20 ء 20 لاکھ روپے جر مانہ، مجرم عرفان شاہ کو مزید 25 سال قید سخت اور5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

عدالت نے زمیندار شوکت اسلام عرف حیدری شاہ اور مجرم عرفان شاہ کی بیوی نسیم بی بی کو عدم ثبوت پر بری کر دیا، استغاثہ کے مطابق ملزموں نے قبولہ قصبہ کے وارڈ نمبر میں ایک محنت کش ناصر کی کمسن 5 سالہ بچی ام کلثوم کو 12اگست 2017ء کو گلی سے کھیلتے ہوئے اغواء کر لیا تھا، عرفان شاہ اور وریام نے بچی سے زبر دستی زیادتی کی اور مجرم وریام نے بد فعلی بھی کی، وحشی درندوں نے بچی کے شور مچانے پر اس کی نسیں کاٹ دیں، آنکھیں نکال دی تھیں اور بے دردی سے قتل کر کے لاش کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔

پولیس تھانہ قبولہ نے مقتولہ بچی ام کلثوم کی ماں شمیم بی بی کی رپورٹ پر مقدمہ365بی 376اور 377ت پ اور 7انسداد دہشتگردی ایکٹ درج کرکے دونوں ملزموں عرفان شاہ، وریام ، عرفان شاہ کی بیوی نسیم بی بی اور زمیندار شوکت اسلام کو گرفتار کر لیا تھا، مقتولہ کی لاش برآمد کرکے پوسٹ مارٹم کرایا تو بچی سے زبردستی ،بد فعلی اور قتل کی تصدیق ہو گئی تھی۔

عدالت نے مجرم عرفان شاہ کو 365Bمیں 25سال قید سخت، 5 لاکھ روپے جرمانہ، 376پارٹ 2 میں سزائے موت، 5 لاکھ روپے جرمانہ، 302ت پ اور 7ATAمیں 2 مر تبہ سزائے موت 10 لاکھ جرمانہ ، مجرم وریام کو 302.376 2ت پ اور 7انسداد دہشتگردی ایکٹ میں 3 مرتبہ سزائے موت، 15لاکھ روپے جرمانہ، 365بی میں 25 سال قید، 5لاکھ روپے جرمانہ اور377ت پ میں مزید 10سال قید سخت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی، 45لاکھ روپے جر مانہ کی رقم مقتولہ کے ورثاء کو بطور معاوضہ دی جائے گی۔

سزا یافتہ ملزمان زمیندار شوکت اسلام عرف حیدری شاہ کے ملازم تھے، اس سنگین و قو عہ کیخلا ف قصبہ قبولہ میں لوگوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔