پاکستانی فٹبال کی بحالی کے لیے چین میدان میں آ گیا

میاں اصغر سلیمی / اسپورٹس رپورٹر  اتوار 18 مارچ 2018
یوتھ ایکسچینج، ڈیولپمنٹ،کوچ اور ریفری ایجوکیشن میں معاونت کا معاہدہ کر لیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

یوتھ ایکسچینج، ڈیولپمنٹ،کوچ اور ریفری ایجوکیشن میں معاونت کا معاہدہ کر لیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور:  پاکستان میں فٹبال کے کھیل کوسنبھالا دینے کے لیے چین میدان میں آ گیا۔

حال ہی میں عدالتی احکامات کے بعد پاکستان میں فٹبال کی سرگرمیاں 3 سال کے طویل عرصے کے بعد دوبارہ بحال ہوئی ہیں، فیفا کی طرف سے عائد معطلی بھی ختم کی جاچکی ہے،پاکستان فٹبال فیڈریشن نے رواں برس شیڈول قومی اور انٹرنیشنل ایونٹس کا بھی اعلان کردیا ہے، اب فٹبال شائقین کوایک اورخوشخبری مل گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کی فٹبال فیڈریشنوں کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق پاکستان میں فٹبال کے کھیل کوفروغ دینے کے لیے چین پاکستان کی بھرپورانداز میں مددکریگا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ فیفا رینکنگ میں چین کی پوزیشن اس وقت 65ویں ہے جبکہ حکومتی مداخلت کی وجہ سے پاکستان تنزلی سے دوچار ہوکرعالمی درجہ بندی میں203 ویں نمبر پر جاپہنچا ہے۔

معاہدے کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کیا جائے گا بلکہ دونوں فیڈریشنیں ملکر ڈیولپمنٹ پروگرام،کوچ ایجوکیشن پروگرام اور ریفری ایجوکیشن پروگرامزپربھی کام کریں گی۔

اس حوالے سے صدر پی ایف ایف مخدوم فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سال سے پاکستان میں فٹبال کے کھیل کوناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے، فٹبال کے کھیل کودوبارہ قدموں پرکھڑا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، چین ہمارا دوست ملک ہے، وہاں کی فٹبال فیڈریشن کے ساتھ معاہدہ طے پا جانے کے بعد نہ صرف پاکستان میں فٹبال کے کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ ہمارے کھلاڑی، کوچز اور ریفریز بھی وہاں کے تجربے سے بھرپور استفادہ حاصل کریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔