الیکشن کمیشن کے اقدامات نظرکادھوکا ہیں، طاہر القادری

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 6 اپريل 2013
 65 فیصد ووٹر عدم اعتماد کرتے ہوئے پولنگ ڈے پرگھر سے نہیں نکلتے  فوٹو: فائل

65 فیصد ووٹر عدم اعتماد کرتے ہوئے پولنگ ڈے پرگھر سے نہیں نکلتے فوٹو: فائل

اسلام آ باد: پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اقدامات صرف نظرکادھوکا ہیں،اصغرخان کیس ،ٹیکس چور،بینک ڈیفالٹرزاور قرض نادہندگان کو کھلی چھٹی دی جارہی ہے ۔

ملکی دولت لوٹنے والے لوٹ کھسوٹ میں ملوث بڑے مگرمچھوںپر ہاتھ نہیں ڈالاجارہا۔جمعے کو راولپنڈی ڈویژن کے کارکنان سے ٹیلی فونک گفتگوکرتے ہوئے انھوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن کے ظاہری اقدامات سے عوام کو فراڈ میں الجھایاجارہاہے ڈھونگ الیکشن کارزلٹ بہت جلدیہ بات ثابت کردے گا کہ علامتی طورپر صرف چندچھوٹی مچھلیوںکو پکڑکرکرپٹ مگرمچھوںکی اسمبلیوں میں واپسی کااخلاقی جوازبنایاجارہاہے۔

انھوںنے کہاکہ 11 مئی کا الیکشن مختلف سیاسی جماعتوں کے گھوڑوں کے مابین ہو گا اور اس ریس میں عوام کا کردار تماشائیوں سے زیادہ نہیں ہے ۔ 11مئی کو الیکشن کی رسم ادا کی جائیگی جس کے بعدعوام کے حقوق سے کھیلنے کا عمل پھر شروع ہو جائیگا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک الیکشن پراسس کے غیر شفاف ہونے کے باعث اس پورے نظام انتخاب کو مسترد کر چکی ہے اور پولنگ ڈے کو پورے ملک میں پر امن دھرنے دیکر سیاسی عمل کیخلاف جمہوری انداز میں احتجاج کیا جائیگا ۔ 60سے 65 فی صد ووٹر جو انتخابی عمل پر عدم اعتماد کرتے ہوئے پولنگ ڈے کو گھروں سے نہیں نکلتے، پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے عوام کی اس خاموش اکثریت کو موقع فراہم کرینگے کہ وہ انتخابی نظام کیخلاف دھرنے میں شرکت کر کے اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔