دبئی میں پہلا کوالیفائر، اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز آج مدمقابل

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 18 مارچ 2018

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کیلئے سبسکرائب کریں

دبئی: پی ایس ایل تھری فائنل کا پہلا کوالیفائر میچ آج دبئی میں اسلام آباد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے مابین کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل تھری کا لیگ مرحلہ اختتام کو پہنچ چکا،ایونٹ میں شامل تمام 6 ٹیموں کے 10، 10 میچز مکمل ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، کراچی کنگز 11دوسرے، پشاور زلمی 10 تیسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز10 پوائنٹس چوتھے نمبر پر ہے جب کہ لاہور قلندرز کے بعد ملتان سلطانز بھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف مرحلے کیلیے کوالیفائی کر چکے تھے،جمعے کو پشاور زلمی نے لاہور قلندرز، کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنائی۔

کوالیفائر میچ آج دبئی میں شیڈول ہے جس میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اسلام آباد کو نمبرٹو کراچی کنگز کا سامنا کرنا ہے، فاتح ٹیم براہ راست کراچی میں 25 مارچ کو شیڈول فائنل تک رسائی حاصل کرلے گی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں20مارچ کو ہونے والے ایلمینیٹر ون میں تیسری پوزیشن کی حامل پشاورزلمی اور چوتھے نمبر پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سے ہارنے والی ٹیم باہر ہوجائے گی، فاتح سائیڈ کو دبئی کوالیفائر میں مات کھانے والی ٹیم کا لاہور میں21مارچ کو شیڈول میچ میں مقابلہ کرنا ہوگا، ایلمینیٹر ٹو میں جیتنے والی ٹیم فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرے گی۔

دوسری جانب کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی شاہد آفریدی کے گھٹنے میں ایک بار پھر تکلیف کی اطلاعات سامنے آئی ہیں،ان کی اسلام آباد کیخلاف پلے آف میں شرکت مشکوک ہوگئی۔

یاد رہے کہ کپتان عماد وسیم بھی انجری کی وجہ سے آخری دونوں میچز نہیں کھیلے اور قیادت ایون مورگن نے کی جو اچھی بیٹنگ فارم میں نظر نہیں آئے۔جمعے کو انہی دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلے میں کراچی کنگز نے 7 وکٹ سے آسان فتح حاصل کی تھی،اسلام آباد یونائٹیڈ کے پاس اب حساب چکتا کرنے کا اچھا موقع موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔