باجوڑ میں اخونزادہ چٹان کے گھر پر میزائلوں سے حملہ

نمائندگان / خبر ایجنسیاں  پير 19 مارچ 2018
حملے کے وقت سابق ایم این اے بھی اپنے گھر میں موجود تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فوٹو: فائل

حملے کے وقت سابق ایم این اے بھی اپنے گھر میں موجود تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فوٹو: فائل

باجوڑ / اسلام آباد: باجوڑ ایجنسی میں پیپلز پارٹی کے رہنما اخونزادہ چٹان کے گھر پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

سابق رکن قومی اسمبلی و پیپلزپارٹی کے صوبائی نائب صدر اخونزادہ کے گھر پر گزشتہ رات نامعلوم مقام سے دو میزائلوں سے حملہ کیا گیا، حملے کے وقت سابق ایم این اے بھی اپنے گھر میں موجود تھے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، البتہ مکان کو جزوی نقصان پہنچا، حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور لیویز اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

پولیٹیکل انتظامیہ نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی۔حملے کے بعد پیپلز پارٹی کے جیالوں اورعلاقے کے سیاسی و سماجی قائدین کا اخونزادہ چٹان کے گھر پر تانتا بندھا رہا۔ اپنے پیغام میں اخونزادہ چٹان نے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا سابق صدر آصف علی زرداری نے اخونزادہ چٹان کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملوں سے اخونزادہ چٹان کے حوصلے کو پست نہیں کیا جا سکتا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماضی میں کوڑے، گولیاں اور بموں اور اب میزائلوں سے ہمارے کارکنوں کو نہیں ڈرایا جاسکتا، اخونزادہ چٹان ایک بہادرآدمی ہیں، وہ فاٹا کے عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی حملے کی مذمت کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔