ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی

ویب ڈیسک  پير 19 مارچ 2018

 اسلام آباد: ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان نے 3 برس کے لیے پاک فضائیہ کی کمان سنبھال لی۔

اسلام آباد میں پاک فضائیہ کی کمان کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، اس موقع پر جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے سبکدوش ہونے والے ایئرچیف کو سلامی دی۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے ریٹائرڈ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک مثالی ادارہ ہے اس کے ایک ایک فرد پرفخرہے، پاک فضائیہ نے ملکی دفاع میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فضائیہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاک فضائیہ میں خدمات سرانجام دینا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، حالیہ برسوں میں ملکی دفاع مزید مضبوط ہوا ہے، پاک فضائیہ کوجدید تقاضوں کے مطابق لیس کیا جارہا ہے۔ دنیا کی کسی فضائیہ نےدہشت گردی کیخلاف جنگ میں اس طرح کا کردار ادا نہیں کیا، پاک فضائیہ نے ملک کے مختلف علاقوں میں فلاحی منصوبے شروع کر رکھے ہیں، اتحاد اور یکجہتی میں ہی ہماری کامیابی ہے۔ تقریب سے خطاب کے بعد سہیل امان نے پاک فضائیہ کی کمان ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان کو سونپی۔

واضح رہے کہ ایئر مارشل مجاہد انور خان 23 دسمبر 1962 کو پیدا ہوئے اور دسمبر 1983 میں پی اے ایف کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا، ائیر مارشل مجاہد انور خان کوالیفائیڈ فلائنگ انسٹرکٹر اور وہ ایئر وار کالج اورنیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سےفارغ التحصیل ہیں۔ انہوں نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی گولڈ میڈل، اعزازی شمشیر اور بیسٹ پائلٹ ٹرافی بھی حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔