کراچی:پولیس اور رینجرز کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیاں، متعدد گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 6 اپريل 2013
 کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے مہران ٹاؤن اور بلال کالونی میں کارروائی کرکے 11 ملزمان کو گرفتار کیا،پولیس فوٹو اے ایف پی

کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے مہران ٹاؤن اور بلال کالونی میں کارروائی کرکے 11 ملزمان کو گرفتار کیا،پولیس فوٹو اے ایف پی

کراچی: نو گو ایریاز ختم کرنے کے لئے سات دن کی مہلت ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں تیزی آگئی ، پولیس اور رینجرز نے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہوگئے ہیں، رینجرز کی جانب سے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کی جارہی ہیں تو دوسری طرف پولیس بھی حرکت میں آگئی ہے، رات گئے کورنگی صنعتی ایریا میں پولیس نے مہران ٹاؤن اور بلال کالونی میں کارروائی کرکے 11 ملزمان کو گرفتار کیا ، جن کےقبضے سے 4 ٹی ٹی پستول ، رائفل ، 2 مسروقہ موٹر سائیکلیں ملی ہیں ۔

پہلوان گوٹھ میں بھی پولیس نے  18 ملزمان گرفتار کر لئے، جن کے قبضے سے 7 ٹی ٹی پستول اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں ، پولیس کی بھاری نفری نے گلستان جوہر میں بھی ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور مشکوک گھروں کی تلاشی لی جس کے دوران ایک سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے  2 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا۔

شیریں جناح کالونی میں بھی رینجرز نے ٹارگٹڈ کارروائی کی جس کے دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا جبکہ 300 سے زائد رینجرز اہلکاروں پر مشتمل نفری نے گھر گھر تلاشی لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔