پی ایس ایل ایلیمنیٹرز کے لیے تیاریاں مکمل، روٹس پر 300 کیمرے نصب

 لاہور:  پی ایس ایل تھری کے ایلیمنیٹر میچز کیلیے تیاریاں مکمل کرلی گئیں جب کہ مجموعی طور پر روٹس پر300کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

پی ایس ایل تھری کا پہلا ایلیمنیٹر پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اسٹیڈیم کے صدر دروازے پر پاک فوج کے جوان ذمہ داریاں سنبھال ہوئے ہیں۔

پولیس،رینجرز، ڈولفن فورسز کے ساتھ ریسکیو1122 کا عملہ بھی مستعد اوراسٹیڈیم کے اطراف میں سرچ آپریشن جاری ہے، نشتر پارک کا پورا علاقہ گذشتہ روز بھی سیکیورٹی حصار میں رکھتے ہوئے عام شہریوں کی آمدورفت بند کرکے اسنیپ چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا، ڈرون کیمروں سے فضائی نگرانی بھی ہوتی رہی، پی سی بی ملازمین سمیت ڈیوٹی پر موجود تمام افراد کے ریکارڈ کی بائیو میٹرک تصدیق کیلیے نادرا کا عملہ سرگرم رہا۔

ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے اطراف میں موجودعمارتوں، مارکیٹوں اور ریسٹورنٹس کے مالکان اور ملازمین کا ریکارڈ بھی طلب کر لیا گیا ہے، کسی بھی فرد کی شناخت نہ ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

آج لبرٹی اور فیروز پور روڈ سے آنے والے شائقین کی راستے میں کسی بھی جگہ بائیو میٹرک تصدیق کی جا سکے گی، اس مقصد کیلیے نادرا اور پی آئی ٹی بی سے مدد مانگ لی گئی ہے،کھلاڑیوں کی آمدورفت کے روٹس کی نگرانی کیلیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے دفاتر میں قائم مانیٹرنگ روم میں عملہ سرگرم اور دوسرا میچ ختم ہونے تک مسلسل قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رہنمائی بھی کرتا رہے گا۔

مجموعی طور پر روٹس پر300کیمرے نصب اور اتنی ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گاڑیاں نگرانی پر معمور ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔