چند غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستانیوں کے دل توڑ دیے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 20 مارچ 2018
بڑے اسٹارز کی عدم موجودگی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا متبادل پلیئرزپر انحصار۔ فوٹو : فائل

بڑے اسٹارز کی عدم موجودگی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا متبادل پلیئرزپر انحصار۔ فوٹو : فائل

 لاہور:  چند غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستانیوں کے دل توڑ دیئے۔

پی ایس ایل تھری کے 2ایلیمنیٹرز لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 25 مارچ کو کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم فائنل کی میزبانی کرے گا، تینوں میچز کیلیے کچھ غیر ملکی کرکٹرز نے پاکستان آنے سے انکار کیا جبکہ دیگر رونقیں بڑھانے کیلیے تیار ہوئے،پشاور زلمی کے ڈیوائن اسمتھ نے ذاتی وجوہات کی بنا پر انکار کیا۔

دیگر تمام غیر ملکی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے،ان میں کپتان ڈیرن سیمی، رکی ویسلز، لیام ڈاسن اور آندرے فلیچر شامل ہیں،پشاور زلمی کو ڈیوائن اسمتھ کی وطن واپسی سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا کیونکہ شکیب الحسن قومی ذمہ داریوں سے فارغ ہو کر سلیکشن کیلیے دستیاب ہیں،تمیم اقبال بھی تیار ہوں گے۔

آج شیڈول الیمنیٹر ون کی دوسری ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز گذشتہ سال کی طرح ایک مرتبہ پھر مشکلات سے دوچار ہوئی اور صف اول کے کھلاڑیوں نے پاکستان آنے سے انکار کردیا۔ کیون پیٹرسن اور جیسن روئے کے بعد شین واٹسن نے بھی ناں کردی،البتہ رلی روسو آنے پر آمادہ ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز سے ٹرانسفر کرواکے سری لنکن تھشارا پریرا کو شامل کیا،بنگلہ دیشی محموداللہ، آسٹریلوی کرس گرین اور ٹام کوہلر کیڈمور کی دستیابی کی تصدیق ہوگئی جبکہ جانسن چارلس  کے بارے میں صورتحال یقینی نہیں تھی۔

کراچی کنگز کے ایون مورگن نے تو پہلے ہی پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا لیکن کولن انگرام، جو ڈینلی، ٹائمل ملز اور لینڈل سمنز بدھ کو کھیلے جانے والے المنیٹر ٹو میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

تینوں ٹیموں میں شامل چند کرکٹرز کی لاہور آمد گذشتہ رات شیڈول تھی۔ فائنل میں جگہ پکی کرنے والی اسلام آباد یونائیٹڈ کے جے  پال ڈومینی، لیوک رونکی، سمت پٹیل نے آمد کی تصدیق کردی تھی،ان کی کراچی آمد جمعرات کو ہوگی، سیم بلنگزاور ایلکس ہیلز کا انکار سامنے آیا۔

ذرائع کے مطابق اسٹیون فن کے بھی ٹیم کے ہمراہ سفر کرنے کی اطلاعات ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔