ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن کمزور پڑنے لگی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 20 مارچ 2018
عماد وسیم1درجہ تنزلی سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، بیٹسمینوں میں بابر نمبر3۔ فوٹو : اے ایف پی

عماد وسیم1درجہ تنزلی سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، بیٹسمینوں میں بابر نمبر3۔ فوٹو : اے ایف پی

 دبئی:  ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان کی ٹاپ پوزیشن کمزور پڑنے لگی۔

ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن اگرچہ پاکستان کے پاس ہے تاہم آسٹریلیا کیساتھ صرف  اعشاریہ ایک پوائنٹ کا فاصلہ باقی رہ چکا، ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم ٹوئنٹی 20 سیریز میں خراب نتائج گرین شرٹس کو ٹاپ پوزیشن سے محروم کرسکتے ہیں۔

بنگلادیش کو کولمبو میں شکست دیکر ٹرائنگولر ٹرافی جیتنے والی بھارتی ٹیم 2 پوائنٹس پیچھے تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ چوتھے سے ساتویں نمبر پر بالترتیب نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ موجود ہیں، سری لنکا کا آٹھواں، افغانستان کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔

ٹاپ 20 بیٹسمینوں میں شامل واحد پاکستانی بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں، ٹاپ پوزیشن کیوی کولن منرو کے پاس اوردوسرا نمبر گلین میکسویل کا ہے۔

سہ ملکی سیریز میں سب سے زیادہ 204 رنز بنانے والے کوشل پریرا 20 درجے ترقی سے20 ویں نمبر پر پہنچ گئے، 198 رنز بنانے کی بدولت دھون نے کیریئر بیسٹ 17 ویں پوزیشن پائی۔بنگلہ دیش کے مشفیق الرحیم کی بھی 14 درجے ترقی ہوئی جو اب 47 ویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔

بولنگ میں بھارتی اسپنر یوزویندرا چاہل 12 درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے جس کی وجہ سے ایش سودھی، سموئل بدری اور عماد وسیم کو ایک ایک درجہ تنزلی کا سامنا کرنا پڑا،وہ اب بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر پہنچ چکے ہیں۔ شاداب بدستور 12 ویں درجے پر موجود ہیں۔

ٹرائنگولر سیریز میں 8 وکٹیں لینے والے واشنگٹن سندر 151 درجے کی چھلانگ لگا کر 31 ویں نمبر پر پہنچ گئے، بنگلادیشی روبیل حسین کو بھی 40 درجے بہتری نے 42 ویں درجے پر پہنچایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔