پاکستان 2025 تک 25 بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائیگا، احسن اقبال

نمائندہ ایکسپریس / خبر ایجنسیاں  منگل 20 مارچ 2018
خان صاحب شیشہ تو ٹوٹ چکا، کسے بیوقوف بنا رہے ہیں، وزیر داخلہ کی گوادریونیورسٹی کے دورے پر طلبا و طالبات سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

خان صاحب شیشہ تو ٹوٹ چکا، کسے بیوقوف بنا رہے ہیں، وزیر داخلہ کی گوادریونیورسٹی کے دورے پر طلبا و طالبات سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد / کوئٹہ:  وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی واصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہاہے کہ پاکستان 2025ء تک دنیاکی25 بڑی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔

گزشتہ روز گوادر یونیورسٹی کے دورہ کے موقع پر طلبا و طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اکیسویں صدی نظریہ کی نہیں بلکہ تعلیم اورمعیشت کی صدی ہے، نظریاتی مباحثوں سے بالاترہوکراقتصادی ترقی کو مدنظر رکھ کر معاشی اصلاحات کرنا ہوں گی۔

احسن اقبال نے کہاکہ ہمیں آگے بڑھنے کے لیے معیشت کی ترقی پر توجہ دینا ہوگی،انھوں نے کہا کہ ہمیں پیداواری معیارمیں بہتری اور جدت لانا ہوگی،ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا ہونگے، انھوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ اورغذائیت کے مسائل پر ترجیح بنیاد پراقدامات کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک منصوبہ سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، اس سے ہم اس خطہ کے لوگوں کی زندگیاں بدل دینگے۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت پاکستان نے اپنی مدد آپ کے تحت کوئٹہ سے گوادر تک سڑک بنا کر40 گھنٹے کا سفر 8گھنٹے کاکر دیا جس سے لوگوں کی زندگیوںمیں آسانیاں پیدا ہوئیں، انھوں نے کہا کہ گوادر کو بڑے شہروں کی صف میں لانے کے لیے حکومت نے بہترین اقدامات کیے۔انھوں نے کہا کہ سی پیک کی بدولت پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے، توانائی منصوبوں کی بدولت عوام کو بجلی ملے گی جبکہ صنعتکارکا رکا پہیہ ایک بارپھرسے چل پڑیگا۔

احسن اقبال نے کہاکہ سی پیک منصوبہ کے تحت صنعتی شعبہ میں تعاون سے پاکستان جنوبی ایشیا میں صنعتی پیداوار کامرکز بن کرابھرے گا۔انھوں نے کہاکہ چینی زبان سکھانے کے لیے گوادرکے 50 نوجوانوں کو اسکالرشپ کے تحت چین بھجوایاجارہاہے۔

علاوہ ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اس بیان ’’زرداری سے اتحادکرنا پڑا توشیشے میں اپنی شکل کیسے دیکھوں گا‘‘ پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب شیشہ توٹوٹ چکاہے ۔سینیٹ الیکشن کے بعدکسے بیوقوف بنا رہے ہیں؟ وزیرداخلہ نے تحریک انصاف سربراہ کااخبار میں شائع ہونیوالا بیان کا عکس بھی ٹویٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔