افغانستان میں 18 ماہ کا ڈونلڈ ٹرمپ

ویب ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
کابل کے رہائشی اسد اللہ نے اپنے بیٹے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا۔ فوٹو : الجزیرہ

کابل کے رہائشی اسد اللہ نے اپنے بیٹے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا۔ فوٹو : الجزیرہ

کابل: امریکی صدر سے متاثر ایک افغانی شخص نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل کے رہائشی سید اسد اللہ پویا نے اپنے نومولود بیٹے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا ہے۔ اٹھارہ ماہ کے بیٹے کی تصویر فیس بک پر شیئر کرنے کے بعد جہاں ان کی شہرت میں اضافہ ہوگیا ہے وہیں انہیں شدت پسندوں کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کابل کے رہائشی سید اسد اللہ پویا نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ اس لیے رکھا تاکہ میرا بیٹا بھی ارب پتی بن جائے تاہم سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کی تو منفی رجحان سامنے آیا، مجھے قتل کرنے اور میرے بیٹے کو نقصان پہنچانے کے لیے دھمکیاں دی جا رہی ہیں اور نامناسب الفاظ استعمال کیے جا رہے ہیں۔

سید اسد اللہ پویا فارسی لکھ اور پڑھ سکتے ہیں اور فارسی ہی میں ٹرمپ سے متعلق لکھی گئی کتابوں کا مطالعہ کر کے امریکی صدر کے کاروبار کے بارے میں جانا جس کے دوران ان کے گھر بیٹے کی پیدائش ہوئی تو انہوں نے اس امید پر بیٹے کا نام ڈونلڈ ٹرمپ رکھ دیا کہ ان کا بیٹا بھی ٹرمپ کی طرح خوش نصیب ہو۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔