سارہ علی خان رنویر سنگھ کی ہیروئن بنیں گی

ویب ڈیسک  منگل 20 مارچ 2018
کرن جوہر نے ٹوئٹر پر سارہ علی خان کو فلم میں کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی . فوٹو : فائل

کرن جوہر نے ٹوئٹر پر سارہ علی خان کو فلم میں کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی . فوٹو : فائل

 ممبئی: سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار رنویر سنگھ کی نئی ایکشن فلم ’’سمبا‘‘ میں جلوے بکھیریں گی۔ 

بالی ووڈ کے معروف ایکشن ڈائریکٹر روہت شیٹھی نے کچھ ماہ قبل بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ فلم کرنے کا اعلان کیا تھا اور ساتھ ہی فلم کا نام اعلان کرتے ہوئے پوسٹر بھی جاری کیا تھا جب کہ رنویر سنگھ نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فلم ’’سمبا‘‘ میں اپنے کردار سے متعلق بتایا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پریا پرکاش کا سب سے بڑا خواب پورا ہوگیا

کچھ روز قبل خبریں گردش کررہی تھیں کہ فلم ’’سمبا‘‘ کے لیے ایک ویڈیو سے سوشل میڈیا پر شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی ملیالم اداکارہ پریاپرکاش کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اب باضابطہ طور پر فلم میں سارہ علی خان کو کاسٹ کرلیا گیا ہے جو رنویر سنگھ کے مدمقابل اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر فلمساز کرن جوہر جو فلم ’’سمبا‘‘ کے پروڈیوسر بھی ہیں،  ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ سارہ علی خان رنویر سنگھ کے ساتھ ہدایت کار روہٹ شیٹھی کی فلم میں ایکشن میں نظر آئیں گی جب کہ فلم 28 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

 



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔