ڈکیتی کے دوران خاتون سے زیادتی کرنیوالے 3ڈکیت گرفتار

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 مارچ 2018
نقیب، نوید اورعثمان کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھجوادیے،ایس پی اورنگی
فوٹو: فائل

نقیب، نوید اورعثمان کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھجوادیے،ایس پی اورنگی فوٹو: فائل

پشاور/ کراچی: سرجانی ٹاؤن پولیس نے گھرمیں ڈکیتی کی واردات میں خاتون کواجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے والے 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ،موبائل فون اورلوٹاہواسامان برآمدکرلیا۔

ایس پی اورنگی ٹاؤن عابد بلوچ نے پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ27 فروری کو سرجانی ٹاؤن سیکٹر4 اے مکان نمبر 783 میں 5 ڈاکو داخل ہوئے اورمکان میں موجود نصیب زادہ کو اسلحے کے زورپر یرغمال بنانے کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا اور پائپ مارکراسے شدید زخمی کردیا،ڈاکوؤںنے نصیب کی اہلیہ کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور 25 ہزار روپے، کپڑے، موبائل فون لوٹ کر فرار ہوگئے واردات کامقدمہ سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج کیا گیا تھا ۔

پولیس نے چھینے گئے موبائل فون کو ٹریکنگ پرلگا دیا تھا، 10 روزقبل چھینے گئے موبائل فون میں سم لگائی گئی جو منگھو پیرکے رہائشی عبدالحمیدکے نام پررجسٹرڈ تھی پولیس نے عبدالحمیدکوتھانے بلاکرجب اس سے تفتیش شروع کی تو اس نے بتایاکہ وہ موبائل فون خریدنے سرینامارکیٹ گیاتھاجہاں ایک دکاندارنے اس کی سم لگاکر ایک موبائل فون اسے چیک کرایا تھا مگراس نے وہ موبائل فون نہیں خریدا،پولیس نے دکانداریاسرسے معلوم کیاجس موبائل پر تم نے عبدالحمیدکی سم لگائی تھی وہ کس سے خریدا ہے تو دکاندارنے نقیب خان نامی شخص کا بتایااوراس کے شناختی کارڈکی کاپی بھی فراہم کی۔

پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں چھاپہ مار کے نقب اللہ عرف مشین ولد محمد سلیم کو گرفتار کر لیا اس کی نشاندہی پر دیگر 2 ساتھیوں نوید ولد اختر اور عثمان ولد محمد رشیدکوگرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والاپستول اورلوٹاہواسامان برآمدکرلیا، گرفتارملزمان کے2 ساتھی فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، عابد بلوچ کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے نمونے لے کرڈی این اے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں اور ان کی عدالت کے رو برو شناخت پریڈ کرائی جائے گی گرفتارملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اسٹریٹ کرائم کی کئی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔