ہر سال 12 لاکھ افراد روڈ حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں، مقررین

اسٹاف رپورٹر  بدھ 21 مارچ 2018
جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے تحت روڈسیفٹی آگاہی واک، سیمینارکا انعقاد
۔ فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے تحت روڈسیفٹی آگاہی واک، سیمینارکا انعقاد ۔ فوٹو: فائل

 کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ کے اسسٹنٹ پروفیسرڈاکٹر سلمان زبیرنے کہا کہ پوری دنیا میں سالانہ روڈ حادثات کی وجہ سے518بلین ڈالرز ضائع ہورہے ہیں جبکہ ہرسال تقریبا12 لاکھ سے زائد افراد روڈ حادثات کی وجہ سے اموات کا شکارہوجاتے ہیں اور2تا5کروڑ افراد مختلف نوعیت کے روڈ حادثات کی وجہ سے زخمی ہورہے ہیں، پاکستان میں روڈ حادثات کی شرح میں بتدریج اضافہ ہورہاہے، موجودہ اعدادوشمار کے مطابق پوری دنیا میں اموات کی وجوہات میں روڈ حادثات نویں نمبر پر ہے اور اگر اس پر قابونہ پایاگیا تو2020 تک یہ تعداد تیسرے نمبر پر آجائے گی۔

صرف کراچی میں روڈ حادثات کی وجہ سے ہر سال تقریباً50 ارب سے زائد روپے ضائع ہورہے ہیں،روڈ حادثات کا شکار ہونے والے افراد میں اکثریت نوجوانوں کی ہوتی ہے ، لہٰذا ہمارے نوجوان طبقے کو چاہیے کہ وہ نہ صرف خود ٹریفک کے قوانین کی پاسداری کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب بھی دیںاگرہماری نوجوان نسل مذکورہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے اپنا مثبت اور کلیدی کردار اداکریں توکوئی وجہ نہیں کہ روڈ حادثات میں کمی واقع نہ ہو،ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ اور نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے زیر اہتمام روڈسیفٹی آگاہی واک اور جامعہ کراچی کے کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرجامعہ کراچی کے وی سی پروفیسر ڈاکٹراجمل خان،ایس ایس پی جامشورو موٹروے پولیس کرم اللہ سومرو، نعیم اللہ شیخ اسٹاف آفیسر ڈی آئی جی ،پروفیسر ڈاکٹر میر شبر علی،پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی ودیگر اساتذہ وموٹروے پولیس افسران بھی موجود تھے،ڈاکٹر سلمان زبیر نے کہا کہ جامعہ کراچی کے اندر اور اطراف میں بالخصوص یونیورسٹی روڈ پر سڑک کا استعمال احتیاط سے کریں، سڑک پارکرتے ہوئے بالائی گزرگاہوںکا استعمال کریں۔

انھوں نے جامعہ کراچی کے اندر رونماہونے والے روڈ حادثات کی کچھ تصاویر بھی پیش کیں اور طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو یقینی بنانے کے لیے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے تعاون کریں،جامعہ کراچی کے شعبہ جغرافیہ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر جمیل حسن کاظمی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ روڈحادثات میں ایشیامیں پاکستان پہلے نمبر پر ہے،دنیا بھر میں 48 ویں نمبر پر ہے،کراچی روڈحادثات میں دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر ہے جو لمحہ فکریہ ہے،ہمارے یہاں المیہ یہ ہے کہ ہمارا پڑھا لکھا طبقہ بھی قانون کی پاسداری نہیں کرتا جس کی وجہ سے روڈ حادثات میں آئے دن اضافہ ہورہاہے۔

سینئر پیٹرول آفیسر عمرتفضل نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ تعداد موٹر سائیکلزکی ہے ،موٹرسائیکل کے محفوظ استعمال سے کئی جانوں کو بچایا جاسکتاہے،موٹر سائیکل چلانے والوں کے لیے ہیلمٹ کا استعمال ناگزیر ہے کیونکہ ایک اچھی کوالٹی کے ہیلمٹ کے استعمال سے روڈحادثات میں ہونے والے نقصانات سے کافی حدتک بچاجاسکتاہے، تقریب کے اختتام پر طلباوطالبات اور شرکانے سیمینار میں دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے آگاہی سیمینار کا انعقاد وقتا فوقتا ہونا چاہیے تاکہ روڈ حادثات سے بچنے میں مدد ملے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔