اسلام آبادمیں 18ریسٹورنٹس میں انوائس مانیٹرنگ سسٹم نصب

ارشاد انصاری  بدھ 21 مارچ 2018
ایف بی آرکے پائلٹ پروجیکٹ کامقصدصلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی ہے،دستاویز

فوٹو : فائل

ایف بی آرکے پائلٹ پروجیکٹ کامقصدصلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی ہے،دستاویز فوٹو : فائل

 اسلام آباد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے وفاقی دارالحکومت کے مزید کے 18بڑے اور مشہور ریسٹورنٹس میں ویب بیسڈ ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم نصب کردیے ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مطلوبہ صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی کو یقینی بنانے کے لیے پنجاب کی طرز پر اسلام آباد کے ریسٹورنٹس میں بھی ویب بیسڈ ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا شروع کر دیا ہے، ایف بی آر نے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر آر ٹی او اسلام آباد کو یہ ٹاسک دیا تھا اور مذکورہ ریسٹورنٹس انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے  وفاقی حکومت کی جانب سے ریسٹورنٹس کے لیے بجلی اور گیس کے بلوں کے تھریش ہولڈ کی بنیاد پر کٹیگریز کا تعین کیا گیا ہے۔

مذکورہ مانیٹرنگ سسٹم کے تحت ریسٹورنٹس کے کمپیوٹر سسٹم کی انٹیگریشن کی جائے گی اور اسے ایف بی آر ہیڈ کوارٹر یا پرال کے ساتھ منسلک کیا جائیگا جس کے ذریعے ریسٹورنٹس کی سیل انوائسز کا ڈیٹا ریئل ٹائم بنیادوں پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے پاس منتقل ہوجایا کرے گا۔ اس بارے میں ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹس سے مطلوبہ صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی کو یقینی بنانے کیلیے رواں مالی سال کے بجٹ میں اٹھایا جانے والا یہ بڑا اقدام ہے جس سے ریسٹورنٹس سیکٹر سے ٹیکس وصولیوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ دستاویز کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے جن مزید 18ریسٹورنٹس میں  ویب بیسڈ ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا گیا ہے۔

ان میں روسٹر کافی ہاؤس بھٹائی روڈ ایف سیون جناح سپر مارکیٹ اسلام آباد،ایم جیز بیکری اینڈ کیفے بھٹائی روڈ ایف سیون جناح سُپر مارکیٹ اسلام آباد، 1969 ریسٹورنٹ شکر پڑیاں مالمقابل لوک ورثہ،حبیبی ریسٹورنٹ آئی ایٹ مرکز اسلام آباد، ہینگ چن بامقابل لوک ورثہ اسلام آباد، فریڈریگوس سینٹو رس اسلام آباد،کرانچی ریسٹورنٹ سینٹورس اسلام آباد، بار بی کیو بازار ایف سیون مرکزاسلام آباد،رینچرز آئی ایٹ مرکز اسلام آباد، بی ایل ٹی ایف سیون اسلام آباد،تھرڈ ویو ایف سیون اسلام آباد، منولا گلیٹو ایف الیون اسلام آباد، چیم چٹھہ ایف الیون اسلام آباد، برننگ براونی ایف الیون اسلام آباد ،او پی ٹی پی ایف سیون اسلام آباد،الیانٹو ایف سیون اسلام آباد،جیسیز ایف سیون اسلام آباد اور ٹیبل ٹالک ایف سکس تھری کوہسار مارکیٹ اسلام آباد شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔