ویمنز ون ڈے ؛ پاکستان نے سری لنکا کو آؤٹ کلا س کر دیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
ویمنز ون ڈے ؛ پاکستان نے سری لنکا کو آؤٹ کلا س کر دیا ؛ فوٹوفائل

ویمنز ون ڈے ؛ پاکستان نے سری لنکا کو آؤٹ کلا س کر دیا ؛ فوٹوفائل

دمبولا:  ویمنز کرکٹ سیریز کے ابتدائی معرکے میں پاکستان نے سری لنکا کو 69 رنز سے آئوٹ کلاس کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جویریہ خان نے ناقابل شکست سنچری داغ کر ٹیم کو 250 کے قابل قدر مجموعے میں مدد فراہم کی، میزبان الیون جوابی اننگز میں181رنز تک محدود ہوگئی، بسمہ معروف نے 3 اور ثنامیر نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔  آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ سیریز کے پہلے ون ڈے میں پاکستان نے میزبان سری لنکا کو 69 رنز سے ہرادیا، میزبان الیون نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹ کھوکر 250 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، جویریہ خان نے شاندار سنچری بنائی، انھوں نے 142 بالز کا سامنا کرتے ہوئے 113 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، جس میں 15 چوکے بھی شامل رہے، ندا ڈار 34 ، ثنامیر27 اور نٹالیا پرویز21 رنز ناٹ آئوٹ بناکرنمایاں رہیں، اوپنر ناہیدہ خان 13 اور کپتان بسمہ معروف 19رنز بناکر پویلین واپس ہوئیں۔

ششی کلا سری وردنے اورچماری اتاپتونے2،2کھلاڑیوںکو پویلین چلتا کیا، پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے آئی لینڈرز نے 42.5 اوورز میں 181رنز پر ہتھیار ڈال دیے، کپتان بسمہ معروف سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئیں، انھوں نے 5.2 اوورز میں 17رنز دیکر3 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، ثنا میر نے 9 اوورز میں 29 رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا۔

ڈیانا بیگ، نٹالیا پرویز، نشری سندھو اور ندا ڈار نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی، میزبان قائد چماری اتاپتو نے57 گیندوں پر 46 رنز جوڑ کر کچھ ہمت دکھائی، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور ایک سکسر شامل رہا، ششی کلاسری وردنے 74 بالز پر 44 رنز بٹور کو دوسرے اہم کھلاڑی بنیں، ان کے علاوہ کنچنا 16 اور 17 سالہ کویشکا دلہانی نے ڈیبیو میچ میں 14رنز اسکور کیے، پاکستان کی جانب سے منیبہ علی اورنٹالیا پرویز نے ون ڈے انٹرنیشنل میں ڈیبیو کیا، دونوں ملکوں میں تین میچز پر مشتمل سیریز کا دوسرا مقابلہ جمعرات کو ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔