زیادہ منافع کا لالچ، چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ بدلنے پرغور

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
2021میں ٹی20طرزپر انعقادکاامکان،بھارت آئی سی سی کی تجویز کا مخالف
 فوٹو : فائل

2021میں ٹی20طرزپر انعقادکاامکان،بھارت آئی سی سی کی تجویز کا مخالف فوٹو : فائل

 ممبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل زیادہ منافع کے لالچ میں چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ بدلنے پر تل گئی 2021 کا ایڈیشن ٹوئنٹی 20 طرز میں کھیلنے پر غور شروع کردیا ٹورنامنٹ کے میزبان کو بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ریونیو کی تقسیم کا جو فارمولا پیش کیا اس پر من و عن عمل کرنے کیلیے اسے زیادہ سے زیادہ آمدنی کی ضرورت ہے،اسی وجہ سے اس نے 2021 میں بھارت میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ ہی تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا، زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی لالچ میں اس ٹورنامنٹ کو ون ڈے کے بجائے ٹوئنٹی 20 طرز میں منعقد کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے،ایسی صورت میں اسے بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ آئی سی سی کا ویسے ہی اس ایونٹ کے حوالے سے بھارتی بورڈ کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔

بھارتی حکومت ایونٹ کو ٹیکس میں کسی بھی قسم کی چھوٹ دینے سے انکار کرچکی، اس لیے کونسل کی جانب سے پہلے ہی اپنی ایونٹ کمیٹی کو اسی ٹائم زون میں موزوں متبادل ملک تلاش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے بھی ایونٹ کی میزبانی کیلیے اپنا ہاتھ بلند کیا تھا۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں ہوسکتا، یہ ویسے بھی بی سی سی آئی کے آنجہانی صدر جگموہن ڈالمیا کا متعارف کردہ ایونٹ ہے، ہم اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں ہونے دیں گے، اگر آئی سی سی کی جانب سے ایسی کوئی کوشش کی بھی گئی تو اسے بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔