پی ایس ایل:ملک بھر سے شائقین کرکٹ لاہورپہنچ گئے

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 21 مارچ 2018
بیشتر افراد نے ٹریفک مسائل اور رش سے بچنے کیلیے قریبی ہوٹلزمیں ڈیرے ڈال دیے

بیشتر افراد نے ٹریفک مسائل اور رش سے بچنے کیلیے قریبی ہوٹلزمیں ڈیرے ڈال دیے

 لاہور:  پی ایس ایل میں پشاور زلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ایلیمنیٹرمیچ دیکھنے کیلیے دوسرے شہروں سے بھی شائقین کی بڑی تعداد لاہور پہنچی، بیشتر تو ٹریفک مسائل اور رش سے بچنے کیلیے رات کوہی قریبی ہوٹلز میں ڈیرے ڈال کر بیٹھ گئے تھے، تمام لوگ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پرخوشی کا اظہار کرتے نظر آئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل تھری کا میچ دیکھنے کیلیے لاہور کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں سے شائقین کرکٹ قذافی اسٹیڈیم پہنچے، اس موقع پر ان کا جوش جذبہ دیدنی تھا۔ باغبانپورہ، گوجرانوالہ سے آنے والے منظور علی نے بتایا کہ کافی عرصہ سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا انتظار کررہے ہیں، گزشتہ پی ایس ایل فائنل،ورلڈ الیون اور سری لنکن ٹیم کے دورے کے بعد ایلیمنیٹر میچز اور فائنل کا پاکستان میں انعقاد اہم پیشرفت ہے، ویسٹ انڈیز کی ٹیم کراچی آئے گی تو شائقین کو مزید انٹرنیشنل کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

ملتان سے آنیوالے اختر محمود نے بتایا کہ وہ گذشتہ رات سے ہی میچ دیکھنے کیلیے لاہور پہنچے ہوئے ہیں، کئی روز پہلے ہی ٹکٹ حاصل کرلیا تھا، سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، تھوڑی پریشانی بھی ہوئی لیکن پاکستان میں کرکٹ سرگرمیاں بحال ہونے پر بہت خوش ہیں، امید ہے کہ لاہور اور کراچی کے بعد ملتان اور ملک کے دیگر اسٹیڈیمز میں بھی انٹرنیشنل میچز ہوں گے۔ میچ دیکھنے کیلیے آنے والا ایک شائق احمد حبیب نے چہرے پر پاکستانی پرچم پینٹ کروا رکھا تھا۔

انھوں نے کہا کہ شائقین کو سخت سیکیورٹی چیکنگ کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہونے دیا گیا لیکن اس میں برا منانے والی کوئی بات نہیں، ملک کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کیلیے اس طرح حفاظتی انتظامات ضروری ہیں۔ ایک خاتون شائق عالیہ حمید نے کہا کہ ہم انگلینڈ میں مقیم ہیں، یہاں میچز کا سنا تو ٹکٹ حاصل کرلیے، بچے ماحول سے بڑا لطف اندوز ہورہے ہیں،ان کے ساتھ آنے والی رشتہ دار نے کہا کہ دہشت گردوں کوقوم اپنے عزم سے شکست دے سکتی ہے،پی ایس ایل میچز اداروں اور قوم کے عزم کا اظہار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔