جیکی شروف کی اہلیہ اور کنگنا رناوت پر جاسوسی کا الزام

ویب ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
کنگنا رناوت نے 2016 میں ہرتیک روشن کا نمبر رضوان صدیقی کو دیا تھا؛ فوٹوفائل

کنگنا رناوت نے 2016 میں ہرتیک روشن کا نمبر رضوان صدیقی کو دیا تھا؛ فوٹوفائل

ممبئی: نامور بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی کے بعد اب جیکی شروف کی بیوی عائشہ شروف اورکنگنا رناوت پر جاسوسی کا الزام لگایا گیاہے۔

بالی ووڈ کے مقبول ترین اداکارنوازالدین صدیقی گزشتہ کئی روز سے اپنی بیوی کے فون ڈیٹا ریکارڈ کی جاسوسی کے الزام میں مشکلات کا شکار ہیں جب کہ اسی کیس میں ان کے وکیل رضوان صدیقی کو ثمن بھی جاری کیے جاچکے ہیں، تاہم نواز الدین صدیقی واحد اداکار نہیں ہیں جن پر جاسوسی کا الزام لگا ہے بلکہ اس معاملے میں بالی ووڈ کی متعدد شخصیات کے نام سامنے آرہے ہیں جن میں جیکی شروف کی اہلیہ عائشہ شروف اور کنگنا رناوت شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق تھانہ کرائم برابچ کے ڈپٹی کمشنر پولیس ابھیشیک نے کہا ہے کہ تحقیقات کے دوران وکیل رضوان صدیقی کے موبائل سے برآمد ہونے والے ڈیٹا کے مطابق جیکی شروف کی اہلیہ عائشہ شروف نے اپنے پرانے عاشق ساحل خان کا کال ڈیٹاریکارڈ غیر قانونی طریقے سے نکلواکر اسے وکیل رضوان صدیقی کو دیا۔

دوسری جانب اداکارہ کنگنا رناوت نے بھی 2016 میں ہرتیک روشن کا نمبر رضوان صدیقی کو دیا تھاتاہم انہوں نے نمبر کیوں دیا تھا اس کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ۔ دونوں خواتین کانام سامنے آنے کے بعد عائشہ شروف کو کرائم برانچ طلب کیا گیا ہےجہاں وہ آج صبح پیش ہوئیں۔

واضح رہے کہ رضوان صدیقی لوگوں کے مطالبے پر پرایئویٹ جاسوسوں کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے ریکارڈ حاصل کرتا تھا جسے بعد میں جاسوسی کے لیےاستعمال کیاجاتا تھا تاہم تفتیش کے بعد تھانہ کرائم برانچ نے پچھلے دنوں رضوان صدیقی کو گرفتار کیا تھا جس نے پوچھ تاچھ کے دوران عائشہ شروف اور کنگنا رناوت کانام لیاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔