کابل یونیورسٹی کے نزدیک خود کش حملے میں 26 افراد ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
کابل یونیورسٹی اور علی آباد اسپتال کے قریب ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا فوٹو:فائل

کابل یونیورسٹی اور علی آباد اسپتال کے قریب ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا فوٹو:فائل

کابل: افغانستان کے دارالحکومت میں خود کش حملے میں 26 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کابل یونیورسٹی اور علی آباد اسپتال کے قریب ایک شخص نے خود کو دھماکے سے اُڑالیا جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور 18  زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک و زخمی افراد کو علی آباد اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے جن میں سے چار افراد کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کا گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، جب کہ ریسکیو ادارے بھی امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، ریسکیو ادارے کے افسر کا کہنا ہے کہ 50 کے قریب افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، زخمیوں کی حالت نازک ہے جس سے محسوس ہوتا ہے کہ حملہ بڑا تھا۔

ترجمان سیکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں، عینی شاہدین کے بیانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ابتدائی طور پر کہا جا سکتا ہے کہ یہ ایک خود کش حملہ تھا تاہم ابھی تفتیشی ٹیم اس کا جائزہ لے رہی ہے ۔ تاحال کسی انتہا پسند جماعت نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔