کراچی میں رشوت ستانی کی شکایت پر پولیس افسر معطل

ویب ڈیسک  بدھ 21 مارچ 2018
رشوت ستانی کے الزام میں دو اہلکاروں کو لائن حاضر کردیا گیا فوٹو: فائل

رشوت ستانی کے الزام میں دو اہلکاروں کو لائن حاضر کردیا گیا فوٹو: فائل

 کراچی: وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے شہری کی جانب سے رشوت ستانی کی درخواست پر پولیس افسر کو معطل کر دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے شہری نے وزیر داخلہ سندھ کو شکایت کی تھی ایف ٹی سی سے ڈیفنس کی جانب جانے والی سڑک پر موبائل نمبر ایس پی ڈی 410 میں سوار پولیس اہلکار موٹر سائیکل سواروں کو روک کر ہراساں کرتے ہیں اور ان سے رشوت کا تقاضا کرتے ہیں۔ شہری نے کہا تھا کہ چند روز قبل تمام دستاویزات پورے ہونے کے باوجود پولیس اہلکاروں نے مجھ سے رشوت طلب کی۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور خان سیال نے شہری کی شکایت پر ایس ایس پی کراچی جنوبی کو انکوائری کے احکامات دیئے۔ ایس پی صدر کی ابتدائی انکوائری رپورٹ کی روشنی میں ایف ٹی سی پر تعینات موبائل آفیسر سب انسپکٹر کو معطل جبکہ موبائل پر تعینات دو اہلکاروں کو کوارٹر گارڈ کرتے ہوئے اے ایس پی صدر کو باقاعدہ انکوائری کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔