سیاستدان نیا میثاق کریں ورنہ مزید تذلیل ہوگی، فضل الرحمٰن

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 22 مارچ 2018
آج مزار قائد سے متصل باغ جناح میں جے یوآئی کے تحت اسلام زندہ باد کانفرنس ہوگی، کراچی میں صحافیوں سے خطاب۔ فوٹو: فائل

آج مزار قائد سے متصل باغ جناح میں جے یوآئی کے تحت اسلام زندہ باد کانفرنس ہوگی، کراچی میں صحافیوں سے خطاب۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  جمعیت علمائے اسلام (ف)کے امیر اور متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ سیاست دان نیا میثاق کریں ورنہ مزید تذلیل ہوگی۔

مقامی ہوٹل میں صحافیوں کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضلا الرحمن نے کہا کہ سیاست دانوں نے متحد ہو کر کوئی نیا میثاق نہیں کیا تو پھر انھیں مزید تذلیل کا شکار ہونا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں نیب نے بہت ساری ریکوریاں کیں، فہرست میں پہلے جرنیل، دوسرے نمبر پر بیورو کریٹس اور تیسرے نمبر پر سیاست دانوں کے نام تھے۔

فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارا بجٹ آئی ایم ایف کی مرضی اور ہدایات کے مطابق بنتا ہے، دنیا سے کالونی نظام کے خاتمے کے باوجود ہمارے تمام ادارے اپنے آپ کو عملاً عالمی اداروں کے دباؤ سے نکالنے یا آزاد ہونے کا سوچ بھی نہیں رہے ہیں، کیونکہ ان کی تربیت غلامانہ نظام کے حوالے سے ہوئی ہے، تاہم قوم غلامانہ ذہنیت اور نظام سے نکلنے کے لیے خواہش مند ہے اور جدوجہد بھی کر رہی ہے۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ اہل کراچی22 مارچ کو مزار قائد سے متصل باغ جناح میں جمعیت علمائے اسلام (ف)کراچی کے تحت اسلام زندہ باد کانفرنس میں شرکت کرکے ایک مرتبہ پھر یہ ثابت کریں کہ وہ اس ملک سے غلامانہ ذہنیت اور عالمی ایجنڈے کے خلاف متحد اور متحرک ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔